Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں شادی کے دن دو سگی بہنوں کی مبینہ خودکشی، ’کمرے میں سونے گئی تھیں‘

25 سالہ شوبھا اور 23 سالہ وِملا کی شادی ہفتے کے روز طے تھی (فوٹو: سوشل میڈیا)
انڈین شہر جودھپور کے علاقے منائی کے ایک گاؤں میں اس وقت خوشیوں بھرا گھر غم میں ڈوب گیا جب شادی کے دن دو سگی بہنیں مبینہ طور پر زہریلا مادہ کھا کر جان کی بازی ہار گئیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق اہلِ خانہ شادی کی تیاریوں میں مصروف تھے کہ اچانک پیش آنے والے اس واقعے نے سب کچھ بدل کر رکھ دیا۔
پولیس کے مطابق 25 سالہ شوبھا اور 23 سالہ وِملا کی شادی سنیچر کے روز طے تھی اور جمعے کی رات تک گھر میں تقریبات جاری تھیں۔
بتایا گیا ہے کہ رات گئے دونوں بہنیں سونے کے لیے اپنے کمرے میں چلی گئیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس روشن مینا کے مطابق رات تقریباً چار بجے دونوں کی طبیعت اچانک خراب ہوئی۔ اہلِ خانہ فوری طور پر انہیں نجی ہسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹرز نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔ بعد ازاں لاشیں گھر منتقل کر دی گئیں اور آخری رُسومات کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور آخری رسومات روک کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے شبہ ہوتا ہے کہ دونوں بہنوں نے زہریلا مادہ استعمال کیا تاہم اصل وجہ موت کی تصدیق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی ہو سکے گی۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے اب تک کوئی خودکشی نوٹ برآمد نہیں ہوا جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

شیئر: