سعودی عرب کی عظیم تاریخ اور کامیابیاں: شاہ سلمان کا یوم تاسیس پر پیعام
اتوار 22 فروری 2026 21:46
مملکتِ سعودی عرب 22 فروری کو 299 واں یومِ تاسیس منا رہی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اتوار کو یوم تاسیس کے موقع پر سعودی عرب کی عظیم تاریخ اور کامیابیوں کی تعریف کی ہے۔
ایکس اکاونٹ پر پوسٹ میں لکھا’ اس عظیم دن پر، ہم اپنی ریاست کے قیام کی یاد مناتے ہیں، جسے ہمارے آبا واجداد نے کلمہ توحید کی بنیاد پر قائم کیا تھا۔ انصاف کے حصول اور منتشر افراد کو ایک جھنڈے تلے متحد کیا۔‘
انہوں نے کہا’ اللہ کے فضل سے مملکت میں سلامتی اور خوشحالی کو فروغ ملا ہے۔‘
واضح رہے مملکتِ سعودی عرب آج 22 فروری کو 299 واں یومِ تاسیس منا رہی ہے۔ یہ دن امام محمد بن سعود کی جانب سے پہلی سعودی ریاست کے قیام کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
ریاست کی بنیاد درعیہ میں 1139 ہجری کے وسط (22 فروری 1727ء) میں رکھی گئی تھی۔ یہ تاریخی واقعہ اتحاد، استحکام اور مؤثر حکمرانی کی بنیاد بنا۔
یہ قومی موقع سعودی ریاست کی گہری تاریخی جڑوں اور تقریباً تین صدیوں سے اس کے مسلسل وجود کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ دن قومی شناخت پر فخر اور قیادت کے ساتھ مضبوط تعلق کا اظہار بھی ہے، جس نے ریاست کی حفاظت کی، اس کے امن و استحکام کو مضبوط بنایا اور قیام سے لے کر جدید دور تک ترقی کی راہ دکھائی۔
27 جنوری 2022 کو ایک شاہی فرمان جاری کیا گیا جس کے مطابق ہر سال 22 فروری کو یومِ تاسیس منانے کا اعلان کیا گیا، تاکہ سعودی ریاست کے قیام کی یاد تازہ کی جا سکے۔ تین صدیوں پر محیط اتحاد اور کامیابی کے سفر کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے۔
