بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں پانچ دہشت گرد ہلاک:آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق ’ہلاک ہونے والے افراد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے (فائل فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع کوہلو میں سیکورٹی فورسز نے ایک انٹیلیجنس آپریشن کے دوران پانچ عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی جمعرات 25 دسمبر کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’ان دہشت گردوں کا تعلق انڈین پراکسی ’فتنہ ہندوستان‘ سے تھا۔‘
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔‘
کارروائی کے بعد جائے وقوعہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
بیان کے مطابق ’ہلاک ہونے والے افراد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔‘
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ یہ آپریشن حکومتِ پاکستان کے ’عزمِ استحکام‘ وژن کا حصہ ہے جس کی منظوری نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی نے دی تھی۔
’علاقے میں کسی بھی دوسرے ممکنہ دہشت گرد کی موجودگی کے پیشِ نظر ’سینیٹائزیشن آپریشن‘ تاحال جاری ہے۔ اور ملک سے غیر ملکی امداد یافتہ دہشت گردی کے خاتمے تک یہ مہم پوری شدت سے جاری رہے گی۔‘
