Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان میں فٹنس کا خیال، شہریوں کی وادی حنیفہ کے ٹریلز پر چہل قدمی اور ورزش

ماہِ رمضان میں وادی حنیفہ میں چہل قدمی کرنے اور دوڑ لگانے والے افراد کی تعداد میں ایک نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وادی حنیفہ کے خوبصورت ٹریلز ہر روز ہر عمر اور جنس کے افراد کے لیے معمول کی جگہ بنتے جا رہے ہیں جہاں سب دارالحکومت کے سہانے موسم اور اس مہینے کے منفرد روحانی ماحول کو محسوس کرتے ہیں۔
فیلڈ ٹور کے دوران سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے فٹنس کلب ’آر سیون رن کلب‘ کے ممبرز سے بات چیت کی۔
یہ کلب 2018 میں بنایا گیا تھا جس کے ممبرز کی تعداد اب 4681 ہو چکی ہے جس کے بعد یہ اہم ترین رننگ کلبوں میں سے ایک ہے۔
کلب کے ممبرز نے بتایا کہ رمضان کے دوران فٹنس کی روٹین کے لیے نظم و ضبط اور نیند اور غذائیت کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے جس سے فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
شروع میں چہل قدمی یا رننگ کرنا تکنیکی اور فٹنس کے اعتبار سے بہت مشکل ہو سکتا ہے لیکن تسلسل سے فرق آ جاتا ہے۔
وقت کے ساتھ شروع میں پیش آنے والی مشکلات کی جگہ تفریح اور جوش لے لیتے ہیں جس سے کلب ممبر کو یہ سرگرمی جاری رکھنے کا حوصلہ ملتا ہے چاہے وہ رمضان ہو یا سال کا کوئی بھی اور مہینہ۔

اس صورتحال میں جہاں رمضان کا روحانی سکون اور وادی حنیفہ کی قدرتی خوبصورتی ایک ساتھ دیکھنے کو ملتی ہے یہاں اٹھنے والا ہر ایک قدم ورزش سے زیادہ اہم ہوتا ہے۔
چہل قدمی اور دوڑنے سے لائف سٹائل میں تبدیلی آتی ہے۔ اس سے رمضان کے قیمتی وقت میں صحت کی دیکھ بھال اور متوازن صحت مند زندگی گزارنے کا بھی موقع ملتا ہے۔

 

شیئر: