مساجد کی تعمیرِ نو اور بحالی: الباحہ میں 1350 سال پہلے تعمیر کی گئی مسجدِ الصفا
مملکت کی ثقافتی شناخت کو آگے بڑھانے کی کوششوں کے سلسلے میں تاریخی مساجد اور ان کے تعمیری لینڈ مارکس کے تحفظ کے لیے، ’پرنس محمد بن سلمان پروجیکٹ‘ کے تحت قدیم مساجد کی بحالی کا کام جاری ہے۔
’پرنس محمد بن سلمان پروجیکٹ‘، سعودی وژن 2030 کے اہم ترین اہداف میں سے ایک ہے جس میں مملکت میں تاریخی حیثیت کی حامل مساجد کی تعمیرِ نو اور بحالی شامل ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق تاریخی مساجد کی بحالی کے دوران اس بات کا بھی خیال رکھا جا رہا ہے کہ ان مساجد کا اصل اور مستند کردار برقرار رہے۔’شہزداہ محمد بن سلمان پروجیکٹ‘ کا ایک اور مقصد، اِن مساجد کی مذہبی اور سماجی موجودگی کو بڑھانا بھی ہے۔
جن مساجد کی تعمیرِ نو اور بحالی ہو چکی ہے ان میں الباحہ ریجن کے بلجرشي گورنریٹ میں واقع الصفا مسجد بھی شامل ہے۔ یہ مسجد سعودی عرب کے جنوب میں اسلامی تاریخ کی گہرائی کو خاص طور پر اجاگر کرتی ہے۔
الصفا مسجد، الباحہ شہر سے تقربیاً 27 کلومیٹر کے فاصلے پر بلجرشی گورنریٹ کے عین وسط میں ہے۔ اس کے قریب ہی گورنریٹ کی عمارت بھی ہے۔
الصفا مسجد آج سے 1350 سال پہلے تعمیر کی گئی تھی۔ الصفا مسجد، الباحہ ریجن میں سب سے پُرانی مسجد ہے جبکہ مملکت میں اس کا شمار ان چند مساجد میں ہوتا ہے جنہیں انتہائی قدیم مسجدوں کے درجے میں رکھا گیا ہے۔
تاریخی واقعات سے یہ اشارہ بھی ملتا ہے کہ یہ مسجد صحابی سفیان بن عوف نے 46 ہجری میں تعمیر کرائی تھی۔ مسجد کا سنِ تعمیر اس کے دروازے پر درج ہے۔ یہ عبارت خود اس مسجد کی تاریخی اہمیت کی ایک دلیل ہے۔

مسجد الصفا کا رقبہ 78 مربع میٹر ہے۔ اس مسجد میں 31 عبادت گزاروں کے نماز پڑھنے کی گنجائش موجود ہے۔
مسجد کا فنِ تعمیر، روایتی ’سراۃ‘ سٹائل کو ظاہر کرتا ہے۔ مسجد کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں ایک سدا بہار درخت کی لکڑی سے بنائے گئے ستون ہیں اور اس میں مضبوط ترین گرینِٹ یا سنگِ خارا کو استعمال کیا گیا ہے جسے گرد و نواح کے پہاڑوں سے نکال کر مسجد کی عمارت میں لگانے کے قابل بنایا گیا ہے۔ بحالی کے لیے اس عمارتی پتھر کا استعمال بھی اس مسجد کے، پہاڑوں کے آس پاس کے ماحول سے تعلق کا ایک اظہار ہے۔

اس منصوبے کا مقصد روایتی فنِ تعمیر کے عناصر اور تعمیر کے جدید معیار کے درمیان توازن قائم کرنا تھا تاکہ اس کی پائیداری میں کوئی چیز آڑے نہ آئے۔
مسجد کی تعمیرِ نو اور بحالی کے لیے ان کمپنیوں کی خدمات حاصل کی گئیں جنھیں سعودی میراث کے ساتھ خصوصی نسبت ہے۔ تعمیر کی نگرانی کے لیے سعودی انجینیئرز کا انتخاب کیا گیا تھا تاکہ وہ مسجد کی مستند اور فنی شناخت کو محفوظ رکھنے کے عمل کی نگرانی کریں۔