Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تاریخی شناخت برقرار‘: خلیفہ ہارون الرشید کے عہد کی مسجدِ صدر اِيد کی تعمیرِ نو مکمل

سعودی عرب میں تاریخی و قدیم مساجد کی تعمیرِ نو اور بحالی کے حوالے سے شہزادہ محمد بن سلمان منصوبے کے دوسرے مرحلے میں مسجد صدر اِيد کو اسی انداز میں دوبارہ تعمیر کر دیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق عسیر ریجن کی النماص کمشنری کی مسجد صدر اِيد عباسی خلیفہ ہارون الرشید کے عہد میں نویں صدی عیسوی میں تعمیر کی گئی تھی۔
مسجد کے محراب میں موجود کتبہ پر اس کی تاریخ ربیع الثانی 170 ہجری بھی درج ہے۔
مسجد کا رقبہ 138 مربع میٹر ہے اور اس کا شمار علاقے کی قدیم ترین تاریخی مساجد میں ہوتا ہے۔
یہ مسجد صدر اِيد نامی گاؤں میں تعمیر کی گئی تھی، اسی نسبت سے اسے گاؤں کے نام سے جانا جاتا ہے۔
صدر اِيد گاؤں کے بارے میں مورخین کا کہنا ہے کہ یہ گاؤں تین ہزار برس سے زیادہ قدیم ہے جو النماص شہر سے تقریباً 3 کلومیٹر دوری پر واقع ہے۔
علاقے کی یہ قدیم مسجد مقامی افراد کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل تھی۔ یہ واحد مسجد ہے جہاں اُس وقت جمعہ کی نماز ادا کی جاتی تھی۔
مسجد کو علاقے میں پائے جانے والے پتھروں سے اسی طرز پر ازسرِنو تعمیر کیا گیا ہے تاکہ اس کی تاریخی شناخت برقرار رہے۔

مسجد کی چھت کے لیے العرعر کے درخت کے تنوں کا استعمال کیا گیا تاکہ اس کی قدیم شکل برقرار رکھی جا سکے۔ مسجد میں مرکزی ہال کے علاوہ بیرونی صحن کو بھی پرانے طرز ہی پر تعمیر کیا گیا ہے۔

شیئر: