صدر ٹرمپ سے لابنگ نہیں کی، سعودی ترجمان کی واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کی تردید
سعودی ترجمان نے واشنگٹن پوسٹ کی حالیہ رپورٹ کو غلط قرار دیا ہے۔ فائل فوٹو: عرب نیوز
سعودی حکومت کے ترجمان نے ان دعوؤں کی تردید کی ہے کہ اس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران پر حملے کرنے کے لیے لابنگ کی تھی۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ترجمان نے اس حوالے سے حالیہ رپورٹس کو غلط قرار دیا ہے۔
واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے کے ترجمان فہد نذیر نے کہا ہے کہ مملکت نے تہران کے ساتھ قابل اعتماد معاہدے تک پہنچنے کے لیے سفارتی کوششوں کی مسلسل حمایت کی۔
فہد نذیر نے ایکس پر پوسٹ کیے گئے بیان میں کہا کہ ’سعودی عرب کی حکومت ایران کے ساتھ قابل اعتماد معاہدے تک پہنچنے کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت میں مستقل مزاجی سے کام کر رہی ہے۔‘
ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ ہماری تمام تر بات چیت کے دوران ہم نے اُن سے مختلف پالیسی اپنانے کے لیے لابنگ نہیں کی۔‘
ان کا یہ تبصرہ واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کے جواب میں آیا جس میں اس معاملے سے واقف چار افراد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے اسرائیل اور سعودی عرب کی ایک ہفتے کی لابنگ کوششوں کے بعد ایران پر حملے شروع کیے ہیں۔