قطر کے وزیرِاعظم کی ایرانی وزیرِ خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو، حملے فوری بند کرنے کا مطالبہ
وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے کہا کہ ایران نے ریاستِ قطر کے اندر شہری اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ (فوٹو: عرب نیوز)
قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے بدھ کے روز ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
قطری وزیراعظم کی ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ ایسے وقت میں ہوا جب تہران قطر سمیت خلیجی ریاستوں کے خلاف اپنے میزائل اور ڈرون حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔
قطر کی وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق، شیخ محمد الثانی نے ان حملوں کو فوری طور پر روکنے پر زور دیا۔
شیخ محمد الثانی نے تہران پر اپنے ہمسایہ ممالک کو نقصان پہنچانے اور انہیں ایسی جنگ میں گھسیٹنے کی کوشش کا الزام عائد کیا جو ان کی نہیں ہے۔
وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے کہا کہ ایران نے ریاستِ قطر کے اندر شہری اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا۔
تاہم عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایرانی میزائل حملے امریکی مفادات پر مرکوز تھے اور ریاستِ قطر کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
