Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کے ساتھ جنگ سے اسرائیلی معیشت کو تقریباً 3 ارب ڈالر فی ہفتہ نقصان کا تحمینہ

امریکی اور اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کئی ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہے۔ (فوٹو: اے پی)
اسرائیل کی وزارتِ خزانہ نے بدھ کے روز کہا کہ ایران کے ساتھ فضائی جنگ کے باعث ملکی معیشت کو ہفتہ وار 9 ارب شیکل (2.93 ارب ڈالر) سے زائد نقصان ہو سکتا ہے۔
اسرائیل کی ہوم فرنٹ کمانڈ کی جانب سے عائد کردہ ’ریڈ‘ پابندیوں کے تحت، جن میں کام پر جانے کے سفر کو محدود کرنا، سکول بند کرنا اور ریزرو فورسز کو طلب کرنا شامل ہے، معاشی نقصان کا تخمینہ 9.4 ارب شیکل فی ہفتہ لگایا گیا ہے، جو زیادہ تر اگلے ہفتے سے شروع ہوگا۔
وزارت نے ہوم فرنٹ کمانڈ سے درخواست کی ہے کہ پابندیوں کو ’اورنج‘ سطح پر منتقل کیا جائے، یعنی ایسی محدود سرگرمی جس میں کام کی جگہوں پر ’ریڈ‘ کے مقابلے میں کم سخت پابندیاں ہوں۔ اس صورت میں معیشت کو ہفتہ وار 4.3 ارب شیکل نقصان ہوگا۔
اسرائیل اور امریکہ نے ہفتے کے روز ایران پر حملے شروع کیے، جس کے نتیجے میں اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ میں جوابی حملوں کی لہر شروع ہوئی اور خلیج سے توانائی کی برآمدات متاثر ہوئیں۔
امریکی اور اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ یہ مہم کئی ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہے۔
اسرائیل میں اس ہفتے سکول بند ہیں۔ اجتماعات پر پابندی عائد ہے جبکہ ضروری خدمات کے علاوہ بیشتر ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حماس  کے ساتھ غزہ جنگ سے کسی حد تک متاثر ہونے کے باوجود، اسرائیل کی معیشت نے 2025 میں 3.1 فیصد کی شرح سے ترقی کی۔ اکتوبر میں جنگ بندی کے بعد 2026 میں شرحِ نمو 5 فیصد سے زائد رہنے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔

شیئر: