Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیبر پختونخوا میں پانچ مقامات پر فورسز کی کارروئیاں، 13 دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر

فوج کا کہنا ہے کہ ’ضلع خیبر اور جنوبی وزیرستان میں فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے دوران پانچ خارجیوں کا خاتمہ کر دیا گیا‘ (فائل فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخوا میں مختلف کارروائیوں میں 13 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
آئی یس پی آر کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ چھ اور سات مارچ کی درمیانی شب پاکستانی سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس پر مبنی پانچ کامیاب کارروائیاں کیں۔ ان آپریشنز کے دوران انڈین پراکسی ’فتنہ الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے 13 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
بیان کے مطابق ’ضلع باجوڑ میں ایک کڑی نگرانی کے بعد کی جانے والی کارروائی میں فورسز اور خارجیوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔‘
’اسی طرح بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والی دو الگ الگ جھڑپوں میں فتنہ الخوارج کے مزید تین کارندوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ ضلع خیبر اور جنوبی وزیرستان میں فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے دوران مزید پانچ خارجیوں کا خاتمہ کر دیا گیا۔ ہلاک ہونے والے ان انڈین سپانسرڈ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے جو علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔‘
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ’یہ کارروائیاں ایک ایسے وقت میں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں جب پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنی سرحدوں پر ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز کا مردانہ وار مقابلہ کر رہا ہے۔‘
’پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم اور سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہیں۔ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کے منظور کردہ ویژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی پشت پناہی سے چلنے والی دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پوری قوت کے ساتھ سرگرمِ عمل ہیں۔‘
’اس وقت علاقوں میں کلئیرنس آپریشنز جاری ہیں تاکہ اگر کوئی اور انڈین سپانسرڈ خارجی وہاں چھپا ہو تو اسے بھی ختم کیا جا سکے۔‘

شیئر: