Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں فضا میں روک کر تباہ کیے گئے ڈرون کا ملبہ گرنے سے ایک پاکستانی شہری ہلاک

دبئی میں رواں ہفتے فضا میں روکے گئے ڈرون کا ملبہ گرنے سے ایک پاکستانی شہری ہلاک ہو گیا ہے۔
دبئی میڈیا آفس نے سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب ایکس پر لکھا کہ واقعہ دبئی کے علاقے ال بارشا میں پیش آیا تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ڈرون کس جگہ سے فائر کیا گیا تھا۔
دبئی میڈیا آفس نے لکھا کہ ’حکام تصدیق کرتے ہیں کہ فضا میں حملہ روکنے کے دوران تباہ شدہ ملبہ ایک گاڑی پر گر گیا جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی ڈرائیور ہلاک ہو گیا۔‘
متحدہ عرب امارات میں 28 فروری کے بعد امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والا یہ دوسرا پاکستانی شہری ہے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 28 فروری کو ابوظبی میں ایک پاکستانی شہری میزائل کا ملبہ گرنے سے ہلاک ہو گیا تھا۔
ابوظبی میڈیا آفس نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ جمعرات کو جب متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام نے ڈرونز کو روک کر تباہ کیا توملبہ گرنے سے پاکستانی اور نیپالی شہریوں سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔
ایران نے گزشتہ ہفتے امریکہ اور اسرائیل کے مربوط حملوں کے بعد خلیجی ممالک میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بناتے ہوئے کئی میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔ یہ اچانک حملہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام پر مہینوں کی بات چیت کے بعد آیا۔
خطے میں کشیدگی میں اضافے کے پیش نظر پاکستان نے خلیجی ممالک میں اپنے شہریوں سے محتاط رہنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی درخواست کی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں 15 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں۔ پاکستان نے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کی مذمت کی ہے تاہم تہران کی جانب سے خلیجی ممالک کو نشانہ بنانے پر تنقید بھی کی ہے۔

 

شیئر: