Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کا سخوئی لڑاکا طیارہ ریاست آسام میں گر کر تباہ، دو پائلٹ ہلاک

جمعرات کی شام انڈیا کی ریاست آسام میں سخوئی ایس یو30 لڑاکا طیارہ لاپتہ ہو گیا تھا (فوٹو: انڈین فضائیہ)
انڈین فضائیہ کا سخوئی ایس یو 30 لڑاکا طیارہ آسام کے کاربی انگلونگ ضلع میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں دو پائلٹ ہلاک ہو گئے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق جمعے کو ایکس پر انڈین فضئایہ کے میڈیا کوآرڈینیشن سینٹر نے تصدیق کی کہ سکواڈرن لیڈر انوج اور فلائٹ لیفٹیننٹ پوروش دراگکر طیارہ حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’انڈین فضائیہ کے تمام اہلکار دل کی گہرائیوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور دُکھ کی اس گھڑی میں ہلاک اہلکاروں کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
انڈین فضائیہ کی جانب سے جاری مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ سخوئی ایس یو 30 لڑاکا طیارہ جو تربیتی مشن پر تھا، جوارت سے تقریباً 60 کلومیٹر کے فاصلے پر کاربی انگلونگ کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔
جمعرات کی شام انڈیا کی ریاست آسام میں سخوئی ایس یو30 لڑاکا طیارہ لاپتہ ہو گیا تھا۔ طیارے نے آسام کے جورہاٹ ایئربیس سے اڑان بھری اور شام 7 بج  کر 42 منٹ کے بعد اس کا راڈار سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ انڈین فضائیہ نے تلاش اور ریسکیو مشن شروع کر دیا ہے اور طیارے کا پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انڈین فضائیہ نے ایکس پر لکھا کہ ’انڈین ایئر فورس کے ایک سخوئی ایس یو30 کی اُڑان بھرنے کے بعد واپسی کی اطلاع کا انتظار ہے۔ طیارے نے جورہاٹ، آسام سے اڑان بھری تھی اور شام 7.42 بجے آخری بار رابطہ ہوا تھا۔ مزید تفصیلات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ تلاش اور ریسکیو مشن شروع کر دیا گیا ہے۔‘
سنہ 2000 کی دہائی کے اوائل میں ایئر فورس میں شامل کیے گئے سخوئی طیاروں کو سب سے زیادہ قابل فرنٹ لائن جنگی طیاروں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ دو انجن والا ملٹی رول لڑاکا طیارہ روس کا تیار کردہ ہے اور یہ انڈین، فرانسیسی اور اسرائیلی ایوانکس اور ہتھیاروں کے نظام کا مرکب ہے۔

 

شیئر: