Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے لیے جاسوسی کا الزام، انڈین فضائیہ کا سویلین ملازم گرفتار

ملزم ضلع ڈبروگڑھ میں واقع ایئر فورس سٹیشن پر ملٹی ٹاسکنگ سٹاف کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا (فائل فوٹو: گلوبل ویلج سپیس)
انڈین ریاست آسام میں انڈین فضائیہ (آئی اے ایف) کے ساتھ کام کرنے والے ایک سویلین ملازم کو پاکستان کے لیے مبینہ طور پر جاسوسی کرنے اور حساس دفاعی معلومات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق ملزم ضلع ڈبروگڑھ کے علاقے چابوا میں واقع ایئر فورس سٹیشن پر ملٹی ٹاسکنگ سٹاف کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا۔
ملزم کو انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مشترکہ کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ گرفتاری ایک سابقہ تحقیقات کے دوران موصول ہونے والی معلومات کی بنیاد پر عمل میں آئی جن میں اس کے مبینہ کردار کی نشاندہی کی گئی تھی۔
خبر کے مطابق ملزم کافی عرصے سے پاکستان میں موجود ہینڈلرز کے ساتھ رابطے میں تھا۔ اس پر الزام ہے کہ وہ انڈین فضائیہ کی تنصیبات، آپریشنز اور سٹریٹیجک اثاثوں سے متعلق خفیہ معلومات فراہم کر رہا تھا۔
تفتیش کاروں کا ماننا ہے کہ یہ رابطے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے کیے جا رہے تھے جبکہ ملزم کو معلومات کے تبادلے کے بدلے مالی فوائد بھی حاصل ہو رہے تھے۔
حکام اس پہلو کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا ملزم نے غیر ملکی عناصر کے لیے محفوظ رابطہ چینلز فراہم کرنے میں بھی کوئی کردار ادا کیا۔
گرفتاری کے بعد ملزم کو مزید تفتیش کے لیے راجستھان منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس سے وسیع پیمانے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ سکیورٹی اداروں کو شبہ ہے کہ اس معاملے میں ایک بڑے جاسوسی نیٹ ورک کے ملوث ہونے کا امکان ہے جس کے دیگر روابط تلاش کیے جا رہے ہیں۔

شیئر: