Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کے الزام میں 8 افراد گرفتار کیے: ایران

جون میں اسرائیل نے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کیے تھے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں آٹھ افراد کو حراست میں لیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے ایران کے سرکاری میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاسداران انقلاب نے سنیچر کو آٹھ ایسے افراد کو گرفتار کیا جن پر شبہ ہے کہ وہ حساس مقامات کے کوآرڈینیٹس اور سینیئر فوجی شخصیات کے بارے میں تفصیلات اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کو فراہم کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ان پر الزام ہے کہ انہوں نے جون میں ایران کے خلاف اسرائیل کی فضائی جنگ کے دوران موساد کے لیے جاسوسی کی اور دُشمن ایجنسی کو معلومات فراہم کیں۔
جون میں اسرائیل نے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کیے تھے۔ ان اسرائیلی حملوں میں ایران کے اعلیٰ فوجی کمانڈروں کے ساتھ عام شہریوں کی بھی ہلاکتیں ہوئیں۔ سنہ 1980 کی عراق سے جنگ کے بعد یہ ایران کے لیے بدترین دھچکا تھا۔
ایران نے جوابی کارروائی میں اسرائیل کے فوجی مقامات، انفراسٹرکچر اور شہروں پر میزائلوں داغے تھے۔ اسرائیل ایران جنگ کے دوران امریکہ نے 22 جون کو ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کیے۔
پاسدارانِ انقلاب کے ایک بیان میں الزام لگایا گیا کہ گرفتار کیے گئے مشتبہ افراد نے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے موساد سے خصوصی تربیت حاصل کی تھی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان افراد کو شمال مشرقی ایران میں ان کے منصوبوں کو انجام دینے سے پہلے گرفتار کیا گیا تھا، اور یہ کہ ان سے لانچرز، بم، دھماکہ خیز مواد اور بوبی ٹریپس بنانے کا مواد ضبط کیا گیا تھا۔
سرکاری میڈیا نے رواں ماہ کے آغاز میں خبر دی تھی کہ ایرانی پولیس نے اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے دوران 21 ہزار کے لگ بھگ ’مشتبہ افراد‘ کو گرفتار کیا تھا۔
ایران کے سرکاری میڈیا نے یہ نہیں بتایا تھا کہ گرفتار کیے گئے افراد پر کیا الزامات ہیں۔

 

شیئر: