تفریحی شعبے کی مقبولیت، وزٹرز کی تعداد 8 کروڑ 90 لاکھ سے تجاوز کر گئی
تفریحی شعبے کی مقبولیت، وزٹرز کی تعداد 8 کروڑ 90 لاکھ سے تجاوز کر گئی
جمعہ 3 اپریل 2026 21:24
گزشتہ برس انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے 1690 تفریحی سرگرمیاں منعقد کی (فوٹو، ایس پی اے)
جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس تفریحی شعبے کی سرگرمیوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا۔ وزٹرز کی تعداد 8 کروڑ 90 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔
اخبار24 نے اتھارٹی کی جانب سے جاری سالانہ رپورٹ کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ گزشتہ برس 2025 میں انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی جانب سے 1690 تفریحی سرگرمیاں منعقد کی گئیں، مجموعی طورپر ایونٹ ڈیز 75 ہزار 661 رہے جبکہ 6 ہزار778 کمپنیوں نے شرکت کی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس جاری کیے گئے لائسنسوں کی تعداد 6 ہزار 490 رہی، جبکہ 472 تفریحی مقامات کونیا لائسنس جاری کیا گیا، جو سال 2024 کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہے۔
معیار کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے ضوابط کی پاسداری کی شرح 92 فیصد رہی، منظورشدہ تفریحی تقریبات کی شرح 95 فیصد اور لائسنس یافتہ تفریحی مقامات کی شرح 93 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
وزٹرز نے تفریحی سرگرمیوں پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا(فوٹو،ایس پی اے)
نگرانی اور خلاف ورزیوں کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے قواعد کی پابندی کی وجہ سے خلاف ورزیوں میں بھی نمایاں کمی ہوئی۔ سال 2024 میں یہ تعداد 6 ہزار 290 تھی جو سال 2025 میں کم ہو کر 4 ہزار 662 رہ گئی، کمی کا تناسب 25.8 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
وزٹرز سے کیے گئے سروے کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 95 فیصد وزٹرز نے سرگرمیوں اور انتظامات پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔