Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 11: بارش سے متاثرہ میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 20 رنز سے ہرا دیا

لاہور قلندرز کی جانب سے محمد نعیم نے 60 رنزبنائے۔ (فوٹو: پاکستان سپر لیگ ایکس)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں ایڈیشن کے 11 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 20 رنز سے شکست دے دی ہے۔
جمعے کو لاہور میں بارش کی وجہ سے میچ کو 13 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ اور ملتان سلطانز کی ٹیم 186 رنز کے تعاقب میں مقررہ 13 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز ہی بنا پائی۔
ملتان کی جانب سے کپتان ایشٹن ٹرنر 52 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ شان مسعود نے 44 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے مستفیض الرحمان نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی، عبید شاہ اور سکندر رضا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بارش سے متاثرہ میچ میں ملتان سلطانز سے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا جو غلط ثابت ہوا۔ اور لاہور قلندرز نے محمد نعیم کے 60 اور پرویز حسین کے 45 رنز کی بدولت 13 اوورز میں 185 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد اسماعیل نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
پی ایس ایل کا 12 واں میچ کل سنیچر کو شام سات بجے اسلام آباد یونائیٹڈ اور راولپنڈیز کے درمیان ہو گا۔
پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت کراچی کنگز چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، جبکہ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز چار چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ آٹھ ٹیموں کی اس فہرست میں اس ایڈیشن میں شامل ہونے والی دو نئی ٹیمیں راولپنڈیز نویں اور حیدرآباد کنگزمین 10 ویں نمبر پر ہے۔

 

شیئر: