Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دفتر سے گھر جا رہا تھا، سوات میں ’ناقابلِ یقین کیچ‘ پکڑنے والے موٹرسائیکل سوار اچانک وائرل

مہران خان نے کہا کہ ’اس کیچ کے بعد میری خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا‘ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے شمال مغربی ضلع سوات میں ایک مقامی کرکٹ میچ کے دوران موٹر سائیکل پر سوار ایک نوجوان کے شاندار کیچ نے اسے راتوں رات شہرت دلا دی۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 27 سالہ مہران خان اپنے دوست کی موٹر سائیکل پر دفتر سے گھر جا رہے تھے کہ اچانک کرکٹ گراؤنڈ سے ایک گیند باؤنڈری پار کرتی ہوئی ان کی جانب آئی۔ مہران نے لمحہ بھر کی تاخیر کیے بغیر ایک ہاتھ سے گیند کیچ کر لی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
مہران خان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’میں نے موٹر سائیکل چلانے والے دوست سے کہا کہ سر نیچے کرو۔ پھر میں نے چلتی موٹر سائیکل پر ذرا سا کھڑے ہو کر گیند پکڑ لی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس کیچ کے بعد میری خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ مجھے لگا جیسے میں نے کوئی غیر معمولی کارنامہ انجام دیا ہو۔‘
یہ واقعہ منگل کو سوات کے شہر مینگورہ میں جاری سوات پریمیئر لیگ کے ایک میچ کے دوران پیش آیا۔ بیٹر ابرار لالا نے ایک اونچا چھکا لگایا اور گیند گراؤنڈ کے ساتھ گزرنے والی سڑک کی طرف چلی گئی، جہاں مہران خان نے ایک ہاتھ سے شاندار کیچ کیا۔
مہران خان، جو محکمہ صحت عامہ (پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ ڈیپارٹمنٹ) میں سرکاری ملازم ہیں، نے بتایا کہ وہ بچپن سے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور اسی گراؤنڈ پر کئی میچ کھیل چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’جب بیٹر نے چھکا لگایا تو میرے ذہن میں فوراً خیال آیا کہ کاش میں یہ گیند پکڑ سکوں۔‘
مہران کی یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں وائرل ہو گئی اور کئی معروف کرکٹرز نے بھی اس کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ ’جو شہرت لوگوں کو برسوں میں نہیں ملتی، وہ مجھے محض چند سیکنڈ کی ویڈیو سے مل گئی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ اب لوگ انہیں پہچانتے ہیں اور سیلفیاں بنوانے کی درخواست کرتے ہیں۔
’اس رات جب میں گھر پہنچا تو میرے خاندان نے میرا شاندار استقبال کیا۔ اس سے پہلے کبھی کسی نے مجھ سے اس طرح سیلفی لینے کی درخواست نہیں کی تھی۔‘
مہران ایک بیٹر، فاسٹ بولر اور بہترین فیلڈر بھی ہیں۔ ان کے مطابق ویڈیو سب سے پہلے ایک مقامی ٹک ٹاک صارف نے شیئر کی تھی اور پھر یہ دنیا بھر میں پھیل گئی۔
انہیں سب سے زیادہ خوشی اس وقت ہوئی جب آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر بریٹ لی نے اپنے فیس بک پیج پر یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اسے ’ناقابلِ یقین کیچ‘ قرار دیا۔
مہران نے کہا کہ ’میں اپنی خوشی پر قابو نہیں رکھ سکا۔ سوچیں، میں ایک عام کرکٹر ہوں اور بریٹ لی جیسا لیجنڈ میرا کیچ شیئر کر رہا ہے۔‘
واقعے کے بعد میچ کے کمنٹیٹر نے پولیس سے کہا کہ موٹر سائیکل سوار کو واپس گراؤنڈ لایا جائے۔ جب مہران گراؤنڈ پہنچے تو شائقین اور کھلاڑیوں نے تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔
ٹورنامنٹ انتظامیہ نے انہیں اس شاندار کیچ پر10 ہزار روپے انعام بھی دیا۔

مہران خان کا کہنا ہے کہ ان کی خوش نصیبی کا سلسلہ اپنی بیٹی کی پیدائش کے بعد شروع ہوا (فوٹو: اے ایف پی)

مہران نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر بعض افراد نے مذاقاً کہا کہ وہ گیند لے کر بھاگ گئے تھے، لیکن حقیقت میں انہوں نے گیند واپس منتظمین کے حوالے کر دی تھی۔ اب وہ امید کر رہے ہیں کہ یہ گیند انہیں یادگار کے طور پر واپس مل جائے گی۔
آٹھ ماہ قبل والد بننے والے مہران خان کا کہنا ہے کہ ان کی خوش نصیبی کا سلسلہ اپنی بیٹی کی پیدائش کے بعد شروع ہوا۔
انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’شاید میں یہ کیچ بھی اپنی بیٹی کی قسمت کی وجہ سے پکڑ سکا۔ میں پہاڑوں سے تعلق رکھنے والا ایک عام آدمی ہوں، لیکن ایک کیچ نے مجھے صرف خاص نہیں بلکہ بہت خاص بنا دیا ہے۔‘

 

شیئر: