پی ایس ایل 11: دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو چار وکٹوں سے شکست دے دی
کراچی کنگز کے سپنرز نے مجموعی طور پر پانچ اہم وکٹیں لیں۔ (فوٹو: پاکستان سپر لیگ ایکس)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں ایڈیشن کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے دلچسپ مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو چار وکٹوں سے ہرا دیا۔
اتوار کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کراچی کنگز نے 129 رنز کا ہدف 20 ویں اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ کراچی کی جانب سے محمد وسیم نے 38 رنز بنائے جبکہ اعظم خان 14 اور عباس آفریدی 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار وکٹیں اپنے نام کیں۔
سپنرز کے لیے سازگار وکٹ پر لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لیے اچھا نہ ثابت ہوا اور عبداللہ شفیق کے 33 اور حسیب اللہ خان کے 28 رنز کے علاوہ کوئی بیٹر اچھی کارکردگی نہ دکھا سکا۔ یوں قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے ایڈم زمپا اور میر حمزہ نے دو دو وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ کراچی کے سپنرز نے مجموعی طور پر پانچ اہم وکٹیں لیں۔
زمپا کو ان کی عمدہ بولنگ پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
کل اتوار کو شام سات بجے لاہور میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدمقابل ہوں گے۔
