اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے تھے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شامل حسین 54 جبکہ حسن نواز 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
حیدرآباد کنگزمین کی اننگز
حیدرآباد کنگز مین 174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز ہی بنا سکی اور یوں ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اننگز کا آغاز مایوس کن رہا جہاں صائم ایوب صرف آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ معاذ صداقت کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان مارنس لبوشین نے 23 رنز بنائے، جبکہ عثمان خان 14 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
درمیانے اوورز میں عرفان خان نے 33 رنز کی اچھی اننگز کھیلی، جبکہ حسن خان نے 19 گیندوں پر 31 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ تاہم دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، حماد اعظم چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آخر میں مہیش تھیکشانا دو اور رائلی میریڈتھ تین رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، مگر ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے تین اہم وکٹیں حاصل کیں، جبکہ احمد دانیال نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ الزاری جوزف، سعود شکیل اور عثمان طارق نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شامل حسین 54 جبکہ حسن نواز 53 رنز بنا کر نمایاں رہے (فوٹو: اے ایف پی)
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شامل حسین اور حسن نواز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں سکور کیں۔ شامل حسین 54 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ حسن نواز نے 53 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ ٹام کرن نے بھی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 18 گیندوں پر 31 رنز بنائے۔
دیگر بیٹرز میں کپتان سعود شکیل چار جبکہ رائلی روسو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، خواجہ نافع چھ اور بین میکڈرموٹ بھی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ آخر میں احمد دانیال چھ اور ابرار احمد نو رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے رائلی میریڈتھ سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے اہم وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مہیش تھیکشانا اور عاکف جاوید نے بھی دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کنگزمین کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اپنا دوسرا دوسرا میچ کھیل رہی ہیں، پہلے میچ میں دونوں ٹیموں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کراچی کنگز جبکہ حیدر آباد کنگزمین کو لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔
حیدرآباد کنگزمین کی پلیئنگ الیون
اس میچ میں حیدرآباد کنگزمین کی پلیئنگ الیون صائم ایوب، معاذ صداقت، مارنس لبوشین (کپتان)، عثمان خان (وکٹ کیپر)، سید سعد علی، عرفان خان، حسن خان، حماد اعظم، مہیش تھیکشانا، رائلی میریڈتھ اور عاکف جاوید پر مشتمل تھی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلیئنگ الیون
اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلیئنگ الیون سعود شکیل (کپتان)، شمیل حسین، رائلی روسو، حسن نواز، خواجہ نفی، بین میکڈرموٹ (وکٹ کیپر)، ٹام کرن، احمد دانیال، الزاری جوزف، ابرار احمد اور عثمان طارق پر مشتمل تھی۔