Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایکسپائر عمرہ ویزہ ہولڈز کے لیے بغیر جرمانے کے واپسی کی سہولت

وزارت نے سول ایوی ایشن اور دیگر اداروں کے تعاون سے آپریشن روم قائم کیا ہے(فوٹو،ایکس)
وزارتِ حج و عمرہ نے کہا ہے کہ مملکت میں رہ جانے والے وہ عمرہ زائرین جن کے ویزے ایکسپائر ہو چکے ہیں وہ 18 اپریل تک بغیرکسی جرمانے کے اپنے ملکوں کو جاسکتے ہیں۔
عاجل نیوز  کے مطابق وزارتِ حج کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ عالمی حالات کی وجہ سے مختلف ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین بروقت اپنے ملکوں کو نہ جاسکے۔
ایسے زائرین جن کے ویزوں کی مدت 8 رمضان بمطابق 25 فروری 2026  کو ختم  ہو گئی تھی اور وہ حالات کی وجہ سے سفر نہ کرسکے ان کے لیے خصوصی رعایت دی گئی ہے۔
وزارتِ حج وعمرہ کا مزید کہنا تھا کہ عمرہ زائرین کی سہولت کےلیے وزارت نے سول ایوی ایشن اور دیگر سرکاری اداروں کے اشتراک سے خصوصی آپریشن روم کو فعال کیا ہے جس کا مقصد عمرہ زائرین کو درپیش مشکلات کا فوری اور جامع حل پیش کرنا ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین کو چاہئے کہ وہ ویزے کی مدت میں توسیع کی فیس اور جرمانے کی ادائیگی کے بغیر اپنی واپسی کی سیٹ 18 اپریل سے پہلے تک کنفرم کرائیں اور مقررہ وقت ایئرپورٹ پہنچ جائیں تاکہ مہلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بغیرکسی جرمانے کے اپنے ملکوں کو بحفاظت لوٹ سکیں۔
خیال رہے مملکت کے قانون کے مطابق عمرہ ویزے پر آنے والے زائرین کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنی واپسی کو مقررہ وقت پریقینی بنائیں بصورت دیگر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

شیئر: