عمرہ ویزے کے اجرا کی آخری تاریخ یکم شوال ہے: سعودی وزارتِ حج
زائرین کے مملکت آنے کا آخری تاریخ 15 شوال مقرر کی گئی ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
وزارتِ حج وعمرہ کا کہنا ہے ’عمرہ ویزے کے اجرا کی آخری تاریخ یکم شوال 1447 ہجری ہے جبکہ عمرہ زائرین کے مملکت آنے کا آخری تاریخ 15 شوال مقرر کی گئی ہے۔‘
اخبار 24 کے مطابق وزارتِ حج و عمرہ نے کہا کہ عمرہ ویزے پر حج کی اجازت نہیں ہوگی۔ عمرہ زائرین زیادہ سے زیادہ یکم ذی القعدہ تک مملکت میں رہ سکتے ہیں۔
وزارت حج نے عمرہ کمپنیوں کے ذمہ داران کے ساتھ وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کا انعقاد کیا جس میں مقررہ وقت پرعمرہ زائرین کی واپسی پر سختی سے زور دیا گیا۔
وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے رمضان سیزن کے دوران عمرہ کمپنیوں کے ذمہ داروں کے بھرپور تعاون اور فراہم کی جانے والی خدمات کوسراہا۔
انہوں نے عمرہ سیزن کے حوالے سے ضوابط اور ہدایات پرعمل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، تاکہ عمرہ زائرین واپسی کے شیڈول پرعمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے ’نسک ٹریک‘ کے ذریعے روانگی کے ڈیٹا کو اپ ڈیٹ رکھا جائے۔
وڈیو کانفرنس میں عمرہ سیزن کے تیسرے ایڈیشن 2026 کے حوالے سے بھی بات کی گئی جس میں عمرہ سیزن کے نمایاں اشاریوں اور اس حوالے سے ہونے والی کامیابیوں کے علاوہ 2026 میں عمرہ اور وزٹ فورم کے تیسرے ایڈیشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
