Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حجر وائلڈ لائف اینڈ نیچر ٹوئر‘: سفاری روٹ پر العلا کے  پُرکشش صحرا کا سفر

قدرتی عناصر اور قدیم آثار ایک ہی جگہ پر موجود ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
العلا میں ’الحجر وائلڈ لائف اینڈ نیچر ٹوئر‘ کے دوران حیاتیاتی تنوع کی جستجو اور قدرتی لینڈ سکیپ مل کر یہاں آنے والوں کو ایسے تجربے سے ہمکنار کرتی ہے جو اُن کے لیے یادگار بن جاتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس ٹوئر میں سیاحوں کو فور بائی فور گاڑی میں سفاری روٹ پر سفر کرتے ہوئے  پُرکشش صحرا میں لے جایا جاتا ہےٓ، جہاں قدرتی عناصر اور قدیم دور کے آثار ایک ہی جگہ پر مکمل ہم آہنگی کے ساتھ موجود ہیں۔
یہ سائٹ مقامی اور باہر سے لائے گئے مختلف انواع کے جانوروں کی آماجگاہ کے طور پر مشہور ہے، جن میں عرب کا صحرائی غزال، ریت میں گھومنے پھرنے والے ہرن، عربی غزال اور سرخ گردن والا شُتر مرغ اپنی تمام تر وارئٹیوں کے ساتھ موجود ہیں۔
اس مقام پر تقریباً 250 جانور ہیں اور اس سائٹ کو دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ اسے بحال کرنے اور پائیدار مقام میں تبدیل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ ماحولیاتی توازن کو قائم رکھا جا سکے۔
700 ہیکٹر پر پھیلے ہوئے اس ریزرو کے چاروں طرف جنگلے لگا کر حد بندی کی گئی ہے۔
اس کی دیکھ بھال اور نگہداشت قدرتی وسائل اور ماحول کے تحفظ کی ماہر ٹیمیں کرتی ہیں۔ 24 گھنٹے مختلف اوقات میں اس سائٹ کی نگرانی کے لیے ٹیمیں یہاں چکر لگاتی رہتی ہیں۔

انھیں نگرانی کی جدید ٹیکنالوجیوں کی مدد حاصل ہے  جن میں ’ارتھ ریجنر‘ پلیٹ فارم بھی شامل ہے، جس سے ٹریکنگ کے عمل کو تیز اور بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہاں جانوروں کی صحت اور بیماری کی صورت میں ان کے علاج کی سہولت بھی موجود ہے۔
اس روٹ پر سیاحوں کو پہاڑوں میں قدیم زمانے میں کی گئی کھدائی، حیران کن ارضی ساختیں اور مٹی کی اینٹوں سے بنے ہوئے روایتی گھر بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔

ان سے پتہ چلتا ہے کہ مقامی فنِ تعمیر کا ارتقا کس طرح ہوا۔ یوں سیاحوں کا یہ سفر ثقافت سے مالا مال اور تاریخ کے پہلوؤں سے بھرپور بن جاتا ہے۔
اس ٹوئر سے العلا کے غیرمعمولی ماحول اور ثقافتی اثاثوں کو دنیا کو دکھانے کا موقع بھی ملتا ہے جس سے العلا کی بطور ایک اعلٰی درجے کی ایکو ٹوئرازم کی سیاحتی منزل کی حیثیت کو بھی تقویت ملتی ہے۔

 

شیئر: