Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا: چٹانوں اور سنہری ریت کے درمیان کھلی فضا میں افطار

العلا کمشنری میں ہاتھی والی چٹان (صخرہ الفیل) رمضان المبارک میں مقامی افراد اور سیاحوں کے لیے ایک اہم مقام بن گئی ہے جہاں لوگ منفرد چٹانوں اور سنہری ریت کے درمیان کھلی فضا میں افطاری کرنا پسند کرتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ہاتھی والی چٹان صحرا کے وسط میں ایک حیرت انگیز عجوبہ ہے۔ اس کی اونچائی تقریباً 52 میٹر ہے اور اسے العلا کے اہم ارضیاتی لینڈ مارک میں شمار کیا جاتا ہے۔
یہ عجوبہ لاکھوں برس میں قدرتی عناصر جیسے ہوا اور دیگر ماحولیاتی عوامل کے اثر سے وجود میں آیا اور بالآخر ایک بڑے ہاتھی کی شکل اختیار کر گیا۔
رمضان کی شاموں میں مختلف ملکوں سے آنے والے سیاح اور مقامی شہری بڑی تعداد میں یہاں آتے ہیں اور افطار کے وقت غروبِ آفتاب کے نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
العلا کمشنری کی انتظامیہ نے ہاتھی والی چٹان کے اطراف میں ہلکی روشنی کا انتظام کیا ہے جو قدرتی ماحول سے ہم آہنگ ہے اور بیٹھنے کے لیے خصوصی نشستیں بھی بنائی گئی ہیں۔

یہاں آنے والے صاف آسمان پر ستاروں کے فلکی مناظر کا بھی لطف اٹھاتے ہیں کیونکہ العلا کا آسمان نسبتاً روشنی کی آلودگی سے محفوظ ہے۔
یہ مناظر العلا گورنریٹ کی میزبانی میں رمضان کے تجربات کا ایک اہم پہلو ہیں جہاں قدرتی مناظر سماجی روایات سے ملتے ہیں اور اس علاقے کی انفرادیت کی عکاسی کرتے ہیں۔

 

شیئر: