Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں جنگ بندی کی حمایت پر کام چھِن گیا، اداکارہ کیٹ بیکنسیل کا دعویٰ

اداکارہ کیٹ بیکنسل کو غزہ میں جنگ بندی کی حمایت میں ایک سوشل میڈیا پوسٹ لائک کرنے پر کام سے فارغ کیا گیا (تصویر: عرب نیوز)
اداکارہ کیٹ بیکنسیل نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کی حمایت کرنے والی ایک سوشل میڈیا پوسٹ لائک کرنے پر ان کو ان کی ایجنٹ نے کام سے فارغ کر دیا، اور انہوں نے بعدازاں جب ساتھی اداکار مارک روفالو سے اس معاملے پر نجی طور پر بات کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔
انہوں نے یہ الزام انسٹاگرام پر کیے گئے مختلف تبصروں میں عائد کیا، جو بعد میں حذف کر دیے گئے، تاہم اس سے قبل یہ ایک پروموشنل ویڈیو کے نیچے دکھائی دے رہے تھے جس میں 58 سالہ اداکار مارک روفالو اپنی آنے والی فلم ’فلسطین 36‘ پر گفتگو کر رہے تھے۔
انٹرٹینمنٹ میڈیا نے ان حذف شدہ تبصروں کے حوالے سے بڑے پیمانے پر رپورٹ کیا ہے۔
52 سالہ اداکارہ کیٹ بیکنسل نے ان تبصروں پر ذکر کیا کہ اپنے خیالات کا آن لائن اظہار کرنا ان کی پیشہ ورانہ زندگی پر اثرانداز ہوا۔ انہوں نے لکھا کہ ’یہ کیا زبردست لگتا ہو گا جب آپ کو صرف جنگ بندی سے متعلق پوسٹ کو لائک کرنے اور بچوں کے قتل کی حمایت نہ کرنے پر آپ کی ایجنٹ کام سے فارغ نہ کرے۔‘
فلم ’انڈرورلڈ‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نے اپنے تجربے کا موازنہ مارک روفالو کی انڈسٹری میں پوزیشن سے کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کو اس ایجنٹ نے کام سے نہیں نکالا جس نے مجھے نکالا، حالانکہ اس نے ایک ہفتہ پہلے مجھے تحفہ بھیجا تھا، اس لیے ہمارے درمیان کوئی تنازع نہیں تھا، مگر میں نے جنگ بندی کی پوسٹ لائک کی تو مجھے اسی دن کام سے نکال دیا گیا جس دن سوزن سیرینڈن کو نکالا گیا، یعنی ہڑتال ختم ہونے کے صرف دو دن بعد، اور ہم اس سے قبل نو ماہ تک کام نہیں کر سکے تھے۔‘
کیٹ بیکنسل اس پوسٹ میں 2023 کی سکرین ایکٹرز گلڈ (SAG) کی ہڑتال کا حوالہ دے رہی تھیں، جو جولائی سے نومبر تک جاری رہی اور جس کے باعث فلم اور ٹی وی کی زیادہ تر پروڈکشن رُک گئی تھی۔ انہوں نے سوزن سیرینڈن کا بھی ذکر کیا، جنہیں فلسطین کے حق میں ایک ریلی سے خطاب کے بعد ایک ٹیلنٹ ایجنسی یو ٹی اے نے فارغ کر دیا تھا۔

ساتھی اداکار مارک روفالو سے اس معاملے پر بات کی تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا: اداکارہ (تصویر: لاس اینجلس ٹائمز)

نومبر 2023 کی اس ریلی کی ایک ویڈیو میں سوزن سیرینڈن کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’بہت سے لوگ اس وقت خوف زدہ ہیں، انہیں یہ خوف ہے کہ وہ یہودی ہونے کے باعث نشانہ بن سکتے ہیں، اور وہ کچھ ایسا ہی محسوس کر رہے ہیں جو اس ملک میں مسلمان ہونے کے ناتے آپ محسوس کرتے ہیں۔‘
سوزن سیرینڈن نے اپنے حامیوں پر زور دیا کہ وہ غزہ جنگ کے دوران فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھاتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’لوگ سوال اُٹھا رہے ہیں، لوگ کھڑے ہو رہے ہیں، لوگ خود آگاہی حاصل کر رہے ہیں، اور بچپن میں کی گئی ذہن سازی سے خود کو آزاد کر رہے ہیں۔‘
اداکارہ کیٹ بیکنسل نے اپنے حذف شدہ تبصرہ مں اس وقت پیش آنے والی ذاتی مشکلات کا بھی ذکر کیا، جن میں ان کے خاندان کی بیماری سے جنگ بھی شامل تھی۔ انہوں نے لکھا کہ ’میں اس حقیقت سے نمٹ رہی تھی کہ میری والدہ کو دماغی کینسر کے باعث صرف چھ ہفتے کی مہلت دی گئی تھی، اور میں ان کی دیکھ بھال کر رہی تھی، جبکہ ایک دن پہلے میرے سوتیلے والد کو دو اقسام کے کینسر کے ساتھ شدید فالج بھی ہوا تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس صورتِ حال کے نتیجے میں اس وقت ان کے سوتیلے والد کا انتقال ہو گیا، جب وہ انگلینڈ جانے کی تیاری کر رہی تھیں تاکہ انہیں واپس اپنے ساتھ رکھ کر ان کی دیکھ بھال کر سکیں، لیکن اسی دوران 12 سالہ دوستی کے باوجود، میری اور آپ کی مشترکہ ایجنٹ نے مجھے صرف دو جملوں پر کام سے فارغ کر دیا، حالانکہ وہ میرے حالات سے بخوبی واقف تھی کیوں کہ وہ اپنے بزرگ ماں باپ کے بہت قریب تھی۔‘
کیٹ بیکنسل نے متعلقہ ایجنٹ کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ انہوں نے اس معاملے پر کئی ماہ قبل مارک روفالو سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی، انہوں نے لکھا کہ ’میں نے آپ کو ڈائریکٹ میسج کیا تھا لیکن آپ نے مجھے نظر انداز کر دیا۔‘

شیئر: