بالی وُڈ میں طنز و مزاح اور ہارر کا امتزاج ایک بار پھر بڑے پردے پر لوٹ رہا ہے۔
ہدایت کار پریادرشن کی نئی فلم ’بھوت بنگلہ‘ کا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا ہے جس نے مداحوں میں تجسس اور پرانی یادوں کو ایک ساتھ تازہ کر دیا ہے۔
’بالی وُڈ ہنگامہ‘ کی رپورٹ کے مطابق قریباً تین منٹ دورانیے پر مشتمل اس ٹریلر کی خاص بات اکشے کمار اور پریادرشن کی وہ جوڑی ہے جس نے ماضی میں ’ہیرا پھیری‘ اور ’بھول بھلیاں‘ جیسی شاہکار فلمیں دی ہیں۔
مزید پڑھیں
ٹریلر دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس بار بھی فلم کا محور ’ہیومر کوشنٹ‘ یعنی مزاحیہ پہلو ہی ہے۔
ٹریلر میں اکشے کمار اپنی روایتی ٹائمنگ کے ساتھ چھائے ہوئے ہیں لیکن انہیں راجپال یادو، پریش راول اور عصرانی جیسے منجھے ہوئے اداکاروں کا بھرپور ساتھ حاصل ہے۔
فلم ناقدین کے مطابق ان تمام ’کامیڈی لیجنڈز‘ کو ایک ساتھ دیکھنا ہی مداحوں کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں۔

نوسٹیلجیا کو مزید ہوا دینے کے لیے فلم سازوں نے پریادرشن کی پرانی فلموں کے دو مشہور ڈائیلاگز کو بھی ٹریلر کا حصہ بنایا ہے جنہیں سوشل میڈیا پر بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔
جہاں وامیقہ گبی اور متھلا پالکر ٹریلر میں مختصر جھلک دکھاتی نظر آئیں، وہیں اداکارہ تبّو کو ’سرپرائز پیکج‘ قرار دیا جا رہا ہے۔

فلم سازوں نے بڑی ہوشیاری سے تبّو کے کردار کو ابھی تک پردہ راز میں رکھا ہے جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ فلم کا ہارر اور سسپنس والا حصہ انہی کے گرد گھومتا ہے۔
فلم کی ریلیز میں ایک ہفتے کی تاخیر نے شروع میں تو مداحوں کو مایوس کیا لیکن ماہرین کے مطابق یہ تاخیر فلم کے حق میں بہتر ثابت ہو سکتی ہے۔
اس وقت سنیما گھروں میں موجود فلم ’دھورندھر: دی ریوینج‘ کا جادو تب تک کم ہو چکا ہو گا اور یکم مئی تک کوئی بڑی فلم ریلیز نہ ہونے کی وجہ سے ’بھوت بنگلہ‘ کو دو ہفتوں کا ’کلین ونڈو‘ میسر ہو گا۔

’بھوت بنگلہ‘ 16 اپریل کی رات 9 بجے بڑے پردے پر پیش کی جائے گی۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا اکشے کمار کی کامیڈی اور پریادرشن کا جادو باکس آفس پر ایک بار پھر وہ دھوم مچا پائے گا جس کا سب کو انتظار ہے۔












