اردن پر ایران کے حملے، ایک میزائل اور تین ڈرون داغے گئے
رائل اردنی ایئر فورس نے دو ڈرون کو راستے میں روک لیا،(فائل فوٹو: اے ایف پی)
اردن کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ’ ایران نے اردنی علاقے کو نشانہ بنایا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران تین ڈرون اور ایک میزائل فائر کیا گیا۔‘
رائل اردنی ایئر فورس نے دو ڈرون کو راستے میں روک لیا، تاہم ایک ڈرون اور میزائل کو انٹرسیپٹ نہیں کیا جا سکا۔
خبررساں ایجنسی پیٹرا کے مطابق ان حملوں میں دو افراد زخمی ہوئے، ایک کو ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ مادی نقصان بھی ہوا ہے۔
28 فروری کو ایران پر امریکہ و اسرائیل نے حملے کیے جس کے جواب میں ایران خطے میں اسرائیل اور امریکہ کے اہداف پر حملے کر رہا ہے جبکہ ان پڑوسی ممالک کو بھی بلا امتیاز نشانہ بنایا ہے جو جنگ میں شامل نہیں، ان میں اردن بھی شامل ہے۔
جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک اردن کے خلاف 240 ڈرون اور میزائل حملے کیے جا چکے، جن میں بیشتر کو کامیابی سے روکا گیا ہے۔
حکام نے عوام سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی نا معلوم چیز یا ملبے کے قریب جمع نہ ہوں، ممکنہ خطرات کے باعث انہیں اٹھائیں اور نہ کوئی چھیڑ چھاڑ کریں۔
