Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایرانی ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری، کویت کے آئل کمپلیکس میں آگ بھڑک اٹھی

صرف سنیچر کو کویتی دفاعی نظام نے 9 بیلسٹک میزائلوں اور 19 ڈرونز کا مقابلہ کیا (فائل فوٹو: کونا)
ایران کی جانب سے ایک ڈرون حملے کے بعد کویت کے شویک آئل سیکٹر کمپلیکس میں آگ لگ گئی جہاں وزارتِ تیل اور کویت پیٹرولیم کارپوریشن کے صدر دفاتر واقع ہیں۔
کویتی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’کونا‘ کی رپورٹ کے مطابق اتوار کی صبح پیش آنےو الے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور ہنگامی امداد و فائر فائٹنگ ٹیموں نے موقعے پر پہنچ کر کارروائی کی۔
کویتی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس کا فضائی دفاعی نظام ملک کو نشانہ بنانے والے میزائلوں اور ڈرونز کو فعال طور پر روک رہا ہے۔
فوج نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’کویتی فضائی دفاع اس وقت دشمن کے میزائل اور ڈرون خطرات کا جواب دے رہا ہے‘ اور وضاحت کی کہ سنائی دینے والے دھماکے دراصل دفاعی کارروائیوں کا نتیجہ تھے۔
ایک الگ رپورٹ میں 'کونا' نے بتایا کہ ایک ایرانی ڈرون سرکاری وزارتوں کے کمپلیکس سے ٹکرایا جس سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس کے نتیجے میں وزارتِ خزانہ نے ملازمین کو اتوار کے روز گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کویت کی پبلک اتھارٹی فار مائنرز افیئرز ’پاما‘ نے بھی ’ملک کو درپیش غیر معمولی حالات‘ کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی مرکزی عمارت بند کر دی ہے۔
یہ حملے 28 فروری کو امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے جاری مہم کا تازہ ترین حصہ ہیں۔
صرف سنیچر کو کویتی دفاعی نظام نے 9 بیلسٹک میزائلوں اور 19 ڈرونز کا مقابلہ کیا۔
وزارتِ دفاع کے مطابق تنازع کے آغاز سے اب تک کویت کو مجموعی طور پر 327 بیلسٹک میزائلوں، 9 کروز میزائلوں اور 709 ڈرونز کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

 

شیئر: