’یہ کسی فلم کا سین نہیں‘، انڈیا: ڈاکوؤں نے پٹنہ میں کسٹمز اہلکار بن کر جیولر سے 17 کلو سونا لوٹ لیا
پولیس نے اس واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی قبضے میں لے لی ہے، جس پر جعلی رجسٹریشن نمبر لگا ہوا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پٹنہ میں نامعلوم ملزمان نے خود کو کسٹمز افسر ظاہر کرتے ہوئے داناپور ریلوے سٹیشن کے قریب گجرات کے ایک جیولر کے دو ملازمین سے تقریباً 17 کلو سونے کے زیورات، جن کی مالیت 25 کروڑ انڈین روپے سے زائد ہے، لوٹ لیے۔
انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ واقعہ پٹنہ میں خگاول تھانے کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب دونوں رکشے میں بیکرگنج جا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق مہیش ممتورا اور پرنس رامپاریہ، جو راجکوٹ کے رہائشی ہیں، احمد آباد سے سہرسہ ایکسپریس کے ذریعے داناپور پہنچے تھے۔ وہ اپنے مالک سنیل بھائی کے زیورات لے جا رہے تھے، جو راجکوٹ میں جیولری کی دکان کے مالک ہیں۔ جب ان کا رکشہ خگاول اوور برج پر پہنچا تو پانچ سے سات ملزمان، جو ایک کار (جس پر پولیس کا سٹیکر لگا تھا) اور دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، نے انہیں روک لیا۔
سفید قمیض اور خاکی پتلون پہنے ہوئے ملزمان نے خود کو کسٹمز افسر ظاہر کیا اور مختصر تلاشی کے بعد سونے سے بھرے تین بیگ قبضے میں لے لیے۔ انہوں نے مہیش کو زبردستی اپنی گاڑی میں بٹھا لیا۔ پرنس نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان کے پیشہ ورانہ انداز نے انہیں ابتدا میں یقین دلا دیا کہ وہ واقعی افسر ہیں۔
مہیش کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر اسے باندھ دیا گیا اور بعد میں نوبت پور روڈ پر ایک سنسان جگہ پر چھوڑ دیا گیا۔ ملزمان دونوں متاثرین کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
خگاول پولیس نے اس واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی قبضے میں لے لی ہے، جس پر جعلی رجسٹریشن نمبر لگا ہوا تھا، اور چیسس نمبر کے ذریعے مالک کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔ داناپور ریلوے سٹیشن کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو متاثرین کا پیچھا کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ سینئر پولیس افسران اور سپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) بھی تحقیقات میں شامل ہیں۔
ایس ڈی پی او داناپور شیوام دھکڑ کے مطابق خگاول تھانے میں دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجکوٹ سے ٹرین کے ذریعے آنے والے دو افراد کو جعلی کسٹمز اہلکار بن کر نامعلوم ملزمان نے دھوکہ دے کر لوٹ لیا۔
