’شاید مجھ میں کیلشیم کی کمی ہے‘، ستارہ امتیاز نہ ملنے پر فیصل قریشی کا ہلکا پھلکا شکوہ
پاکستان کے معروف اداکار فیصل قریشی نے حال ہی میں شہزاد نواز کے ساتھ پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران صدارتی اعزاز ستارۂ امتیاز نہ ملنے پر ہلکے مگر معنی خیز انداز میں اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران فیصل قریشی نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ وہ بطور احتجاج کسی ’امتیاز سٹور‘ پر جا کر کھڑے ہوں گے اور اعلان کریں گے کہ وہ امتیاز میں موجود ہیں مگر انہیں اب تک کوئی ’ستارہ نہیں ملا، شاید وہیں سے مل جائے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا نام اس اعزاز کے لیے دو مرتبہ بھجوایا جا چکا ہے لیکن دونوں بار واپس آ گیا۔
فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ انہیں انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے 33 سال ہو چکے ہیں مگر وہ اب تک نہیں جانتے کہ ستارہ امتیاز کن لوگوں کو دیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ شاید ان میں ’کیلشیم‘ کی کمی ہے، اسی لیے انہیں یہ اعزاز نہیں دیا جا رہا۔
اگرچہ وہ گفتگو میں مزاح کر رہے تھے، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ بات انہیں اندر سے محسوس بھی ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے خود بھی اس بات پر غور کیا ہے کہ انہیں یہ اعزاز کیوں نہیں ملا، جبکہ لوگوں نے بھی ان کے حق میں ای میلز کے ذریعے آواز اٹھائی۔
فیصل قریشی نے واضح کیا کہ ان کا کسی سیاسی وابستگی سے تعلق نہیں، وہ ایک محبِ وطن انسان ہیں۔
ان کے مطابق اگر انہیں ستارۂ امتیاز دیا گیا تو وہ اسے ضرور قبول کریں گے کیونکہ وہ خود کو اس کا حقدار سمجھتے ہیں۔
اداکار کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی بڑی تعداد نے ان کی حمایت کی اور انہیں پاکستان کے بہترین اداکاروں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انڈسٹری کے لیے بہت کام کیا ہے اور وہ اس اعزاز کے مستحق ہیں۔
فیصل قریشی اپنے کامیاب ڈراموں جیسے ’کیس نمبر 9، فطوراور بابا جانی‘ کے ساتھ ساتھ گیم شوز، مارننگ شوز اور رمضان ٹرانسمیشنز کی میزبانی کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔