Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈیز کو مسلسل پانچویں شکست، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 61 رنز سے میدان مار لیا

گلیڈی ایٹرز نے چھ وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 182 رنز بنائے (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 18ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے راولپنڈیز کو 61 رنز سے شکست دے دی ہے۔
جمعے کو کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں 182 رنز کے تعاقب میں راولپنڈیز کی 18ویں اوور میں 121 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے چھ وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 182 رنز بنائے تھے۔
راولپنڈیز کی جانب سے ڈیرل مچل 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے رائلی روسو 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے

راولپنڈیز کی اننگز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 182 رنز کے تعاقب میں راولپنڈیز کی ٹیم دباؤ کا شکار رہی اور 17.3 اوورز میں 121 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔
اوپنر اور کپتان محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے، جس سے ٹیم کو ابتدائی نقصان اٹھانا پڑا۔ عثمان خواجہ سات رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ یاسر خان نے 22 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔
مڈل آرڈر میں ڈیرل مچل نے 30 رنز بنائے، جبکہ عبداللہ فضل نے 20 رنز کا اضافہ کیا، لیکن کوئی بھی بیٹر لمبی اننگز نہ کھیل سکا۔
بعد میں سعد مسعود نے کچھ مزاحمت کرتے ہوئے 31 رنز بنائے، جس میں تین چھکے شامل تھے، مگر وہ بھی ٹیم کو فتح کے قریب نہ لے جا سکے۔
دیگر بیٹرز میں سیم بلنگز ایک، آصف آفریدی صفر، اور مبصر خان چھ رنز بنا سکے۔ آخر میں بین سیئرز ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ محمد عامر رن آؤٹ ہو گئے۔
یوں پوری ٹیم 121 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے یہ میچ 61 رنز سے جیت لیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے اور ایک مضبوط ٹوٹل سکور کیا۔ ٹیم کی قیادت سعود شکیل نے کی، جنہوں نے 39 گیندوں پر 42 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جس میں تین چوکے شامل تھے۔
اوپنر سام ہارپر صرف آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، جبکہ رِائلی روسو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 53 رنز سکور کیے، جس میں چھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
مڈل آرڈر میں حسن نواز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 16 گیندوں پر 39 رنز بنائے اور پانچ چھکے لگا کر سکور کو تیزی سے آگے بڑھایا۔
دیگر بیٹرز میں خواجہ نافع چھ رنز اور بیون جیکبز تین رنز بنا سکے۔ آخر میں جہانداد خان نے دھواں دار اننگز کھیلتے ہوئے صرف چھ گیندوں پر ناقابلِ شکست 21 رنز بنائے، جس میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے، جبکہ کاشف بھٹی ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

شیئر: