پی ایس ایل 11: فاسٹ بولر نسیم شاہ انجری کے باعث ’غیر معینہ مدت‘ کے لیے باہر
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز راولپنڈیز کے سٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ سائیڈ انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے غیر معینہ مدت کے لیے باہر ہو گئے ہیں۔
راولپنڈیز کی انتظامیہ نے پیر کو نسیم شاہ کی انجری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نوجوان فاسٹ بولر کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے۔
ٹیم کے مطابق طبی معائنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وہ فی الحال مزید میچز نہیں کھیل سکیں گے اور انہیں آرام کی ضرورت ہے۔
فرنچائز کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ٹیم کا میڈیکل سٹاف نسیم شاہ کی انجری کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے اور ان کی ریکوری کے عمل کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔‘
انتظامیہ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نسیم شاہ ری ہیب مکمل کرنے اور فٹنس کلیئرنس ملنے کے بعد ٹورنامنٹ کے آخری مرحلے میں دوبارہ ایکشن میں نظر آ سکیں گے تاہم ان کی واپسی مکمل طور پر ان کی صحت یابی پر منحصر ہو گی۔
راولپنڈیز کی ٹیم نے اپنے اہم ترین بولر کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری فرنچائز ان کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔
نسیم شاہ کی غیر موجودگی راولپنڈیز کے لیے ایک بڑا دھچکہ تصور کی جا رہی ہے کیونکہ وہ ٹیم کے بولنگ اٹیک کے اہم رکن ہیں۔
