Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 11: سمیر منہاس کی عمدہ بیٹنگ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے راولپنڈیز کو سات وکٹوں سے ہرا دیا

ملتان سلطانز کی جانب سے کامران غلام نے 50 رنز بنائے۔ (فوٹو: پاکستان سپر لیگ ایکس)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں ایڈیشن کے 12 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے راولپنڈیز کو سات وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی۔
سنیچر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 157 رنز کا ہدف 15 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ سمیر منہاس نے 36 گیندوں پر سات چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، اور اپنی ٹیم کی جیت میں بنیادی کردار ادا کیا۔
حیدر علی 26 اور مارک چیپمین 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
راولپنڈیز کی جانب سے محمد عامر، رشاد حیسن اور جلات خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اسلام آباد نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا جو بالکل درست ثابت ہوا اور راولپنڈیز 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز ہی بنا پائی۔ کامران غلام نے 50 رنز بنائے جبکہ ڈیان فورسیسٹر 44 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رچرڈ گلیسن اور فہیم اشرف نے دو دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
سمیر منہاس کو ان کی عمدہ بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
پی ایس ایل کا 13 ویں میچ کل اتوار کی شام سات بجے ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
آج کے میچ میں جیت کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پر پانچ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔ کراچی کنگز چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔
راولپنڈیز اور حیدرآباد کنگزمین مسلسل تین تین میچوں میں شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب ساتویں اور آٹھویں نمبر پر ہیں۔

 

شیئر: