Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اگر چین نے ایران کو اسلحہ بھیجا تو اسے بڑے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا  ہے کہ اگر چین نے ایران کو اسلحہ فراہم کیا تو اسے ’بڑے مسائل‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ سنیچر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سی این این کی ایک رپورٹ پر ردعمل دے رہے تھے۔
اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ امریکی انٹیلی جنس کا ماننا ہے کہ چین اگلے چند ہفتوں کے اندر ایران کو نئے فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
سی این این نے نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بیجنگ کندھے پر رکھ کر چلائے جانے والے اینٹی ایئر میزائل سسٹم، جنہیں ’مین پیڈز‘ کہا جاتا ہے، منتقل کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
اس رپورٹ  کے مطابق ایسے اشارے ملے ہیں کہ بیجنگ ان ترسیلات کی اصل جگہ کو چھپانے کے لیے انہیں تیسرے ممالک کے ذریعے بھیجنے پر کام کر رہا ہے۔
سنیچر کی سہ پہر وائٹ ہاؤس سے میامی روانگی کے وقت صحافیوں کے ایک گروپ سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا ’اگر چین ایسا کرتا ہے، تو چین کو بڑے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘
انہوں نے اس بات کی مزید وضاحت نہیں کی۔
امریکی محکمہ خارجہ، واشنگٹن میں چینی سفارت خانے اور چین کی وزارت خارجہ نے سنیچر کو روئٹرز کی جانب سے تبصرے کی درخواستوں کا کوئی جواب نہیں دیا۔
امریکہ اور ایران کے درمیان سنیچر  کو  پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات ہوئے جو کسی نتیجے پر پہنچنے کے بغیر ختم ہو گئے۔

 

شیئر: