امید ہے امریکہ و ایران پائیدار امن کے لیے بات چیت جاری رکھیں گے: اسحاق ڈار
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ امریکہ اور ایران امن کے لیے بات چیت کا عمل جاری رکھیں گے۔
اتوار کی صبح انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ اور ایران کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے فوری جنگ بندی کے لیے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی اسلام آباد میں مذاکرات کی دعوت قبول کی۔
بیان کے مطابق انہوں نے اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فریقین کے درمیان تعمیری مذاکرات میں معاونت کی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’پاکستان کی جانب سے میں دونوں فریقین کا مشکور ہوں کہ انہوں نے جنگ بندی کے حصول اور پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا۔‘
اسحاق ڈار نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ دونوں فریق پورے خطے اور اس سے باہر پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے اس مثبت جذبے کو برقرار رکھیں گے۔
’یہ وقت کی ضرورت ہے کہ فریقین جنگ بندی کے لیے اپنے عزم پر قائم رہیں۔‘
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان آنے والے دنوں میں بھی ایران اور امریکہ کے درمیان روابط اور مذاکرات کی سہولت کاری کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔