ایک ارب ڈالر اور سب سے خوبصورت خاتون سے شادی، یوگنڈا کے آرمی چیف کا ترکیہ سے مطالبہ
اتوار 12 اپریل 2026 17:44
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
میوہوزی کینیرُوگا یوگنڈا کے ڈکٹیٹر صدر یوویری موسیوینی کے بیٹے بھی ہیں (فوٹو: روئٹرز)
یوگنڈا کے آرمی چیف میوہوزی کینیرُوگا نے ایکس پر ایک متنازع پوسٹ کی ہے جس میں ترکیہ سے ’ایک ارب ڈالر اور ملک کی سب سے خوبصورت ترین خاتون‘ سے شادی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
’دی اکنامک ٹائمز‘ کے مطابق کے مطابق میوہوزی کینیرُوگا یوگنڈا کے ڈکٹیٹر صدر یوویری موسیوینی کے بیٹے بھی ہیں۔
یوگنڈا کے چیف آف ڈیفنس فورسز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیانات میں کہا ہے کہ ’یوگنڈا نے خطے میں امن و امان کے قیام کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں، جنہیں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’ترکیہ، موغادیشو میں بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں سمیت مختلف منصوبوں سے مالی فائدہ اٹھا رہا ہے، جبکہ یوگنڈا طویل عرصے سے سکیورٹی کی بھاری ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔‘
یوگنڈا گذشتہ تقریباً دو دہائیوں سے صومالیہ میں افریقی یونین مشنز کے تحت فوجی تعینات کیے ہوئے ہے، جہاں وہ ’الشباب‘ کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لے رہا ہے جو ’القاعدہ‘ سے منسلک ہے۔
میوہوزی کینیرُوگا نے ترکیہ سے ایک ارب ڈالر کو ’سیکیورٹی ڈویڈنڈ‘ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو یوگنڈا 30 دن کے اندر کمپالا میں ترک سفارتخانہ بند کر دے گا اور سفارتی تعلقات ختم کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’یوگنڈا اور ترکیہ کے تعلقات سنجیدہ نوعیت کے ہیں اور انہیں سوشل میڈیا کا ڈرامہ نہ سمجھا جائے۔‘
ساتھ ہی انہوں نے ترک حکومت پر یوگنڈا کے ساتھ ’غیر منصفانہ رویہ‘ اختیار کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔
اپنے ایک اور متنازع بیان میں انہوں نے ترکیہ سے مطالبہ کیا کہ ملک کی ’خوبصورت ترین خاتون‘ ان کے حوالے کی جائے تاکہ وہ اس سے شادی کر سکیں۔
کینیرُوگا نے یوگنڈا کے شہریوں کو بھی ترکیہ کا سفر کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی اپنی سلامتی کے لیے بہتر ہوگا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز کے ان بیانات کے بعد ایکس پر ان پر سخت تنقید کی جارہی ہے تاہم ’خاتون سے شادی‘ سمیت کچھ دیگر پوسٹس ان کی ٹائم لائن سے ہٹا دی گئی ہیں۔
