Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوگنڈا نے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے کوالیفائی کر لیا

وینڈ ہوک میں کھیلے گئے اہم میچ میں یوگنڈا نے روانڈا کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی (یوگنڈا کرکٹ ایسوسی ایشن)
افریقہ کے ملک یوگنڈا کی ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی مرتبہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں کوالیفائی کر لیا ہے۔
یوگنڈا نے جمعرات کو وینڈ ہوک میں آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ افریقہ ریجن کوالیفائر ٹورنامنٹ میں روانڈا کو نو وکٹوں سے ہرا کر پہلی مرتبہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کر لی ہے۔
اس میچ میں روانڈا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے یوگنڈا کو 66 رنز کا ہدف دیا جسے یوگنڈا نے 8.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔
آئی سی سی کے افریقہ کوالیفائرز راؤںڈ سے نمیبیا اور یوگنڈا نے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے کوالیفائی کیا ہے جبکہ ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم زمبابوے اس ٹی20 ورلڈ کپ کوالیفائینگ کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔
زمبابوے نے اس ریجنل کوالیفائر ٹورنامنٹ میں 5 میچز کھیلے ہیں جس میں اسے دو میں شکست ہوئی ہے جس کے بعد زمبابوین ٹیم صرف چھ حاصل کرنے میں کامیاب رہی لیکن اگلے برس کے میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
 
اگلے برس ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ میں یوگنڈا پہلی مرتبہ کسی بھی آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔
یوگنڈا کی جیت کے ساتھ ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں حصہ لینے والی تمام 20 ٹیموں کی لسٹ مکمل ہوگئی ہے۔
 
اس ورلڈ کپ میں میزبان ویسٹ انڈیز اور امریکہ کے علاوہ پاکستان، آسٹریلیا، انگلیںڈ، انڈیا، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، افغانستان، بنگلہ دیش، آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی، کینیڈا، نیپال، عمان، نمیبیا اور یوگنڈا شامل ہوں گی۔
خیال رہے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ جون 2024 میں ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: