امریکہ اور ایران میں موجود بداعتمادی کو ایک رات میں ختم نہیں کیا جا سکتا: امریکی نائب صدر
امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتوں پر مشتمل نازک جنگ بندی ختم ہونے میں ابھی ایک ہفتہ باقی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان بداعتمادی بہت زیادہ ہے جسے ایک رات میں ختم نہیں کیا جا سکتا۔
منگل کو امریکی نائب صدرنے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ایرانی مذاکرات کار کسی معاہدے تک پہنچنا چاہتے ہیں اور وہ ’موجودہ صورتِ حال پر بہت زیادہ اطمینان‘ محسوس کر رہے ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو کہا کہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات آئندہ دو دنوں میں پاکستان میں دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں۔
امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتوں پر مشتمل نازک جنگ بندی ختم ہونے میں ابھی ایک ہفتہ مزید باقی ہے۔ جے ڈی وینس گزشتہ ہفتے کے آخر میں پاکستان میں ہونے والے مذاکرات میں بھی شریک ہوئے تھے۔
جے ڈی وینس نے ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے کے ایک پروگرام میں کہا کہ ’ایران اور امریکہ کے درمیان یقیناً بہت زیادہ بداعتمادی موجود ہے۔ آپ اس مسئلے کو راتوں رات حل نہیں کر سکتے۔‘
انہوں نے کہا کہ ایرانی مذاکرات کار معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ ’میں موجودہ صورتِ حال پر بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔‘
ایران جنگ کا آغاز اس وقت ہوا جب 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا۔ ایران نے جواب میں اسرائیل اور ان خلیجی ریاستوں پر حملے کیے جہاں امریکی اڈے موجود ہیں۔ ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں اور لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔
