رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل کی گورنر جنرل آف آسٹریلیا سے ملاقات
سیکریٹری جنرل نے اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے مذہبی، نسلی اور ثقافتی تنوع پر بات کی (فوٹو: عرب نیوز)
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل اور آرگنائزیشن آف مسلم سکالرز کے چیئرمین ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے سڈنی میں گورنمنٹ ہاؤس میں گورنر جنرل آف آسٹریلیا سیم موسٹن اے سی سے ملاقات کی۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اپنے دورہ آسٹریلیا میں ڈاکٹر العیسیٰ نے آسٹریلین فیڈریشن آف اسلامک کونسلز کے سڈنی میں ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں وفاقی اور مقامی وزراء سمیت آسٹریلوی پارلیمنٹ کے اراکین بھی موجود تھے۔
سیکریٹری جنرل نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مذہبی، نسلی اور ثقافتی تنوع پر بات کی اور اسلام کی ان موضوعات پر موقف کی وضاحت کی۔
انہوں نے دنیا بھر میں رابطہ عالم اسلامی کے ان پروگراموں کا بھی ذکر کیا جو اقوام اور افراد کے درمیان دوستی اور تعاون کو فروغ دے رہے ہیں اور امن اور سماجی بھائی چارے کو بڑھا رہے ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے رابطہ عالم اسلامی کی اُن کوششوں اور بین الاقوامی شراکت داری پر بھی بات کی جو خاص طور پر اقوام متحدہ کے ساتھ ہیں جن کے ذریعے باہمی بقا کو فروغ دیا جاتا ہے اور نفرت اور نسل پرستی سے نمٹا جاتا ہے۔
ڈاکٹر العیسیٰ نے متنوع معاشرے کو ایک ساتھ متحد رکھنے کے لیے آسٹریلوی ماڈل کی بھی تعریف کی۔
