رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی صدر آصف زرداری سے ملاقات
جمعہ 17 اکتوبر 2025 22:45
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔
جمعے کو ہونے والی ملاقات میں صدرِ نے سعودی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان سے دوطرفہ تعاون مزید مضبوط ہوگا۔‘
صدر آصف زرداری سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔‘
’پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ باہمی اعتماد اور تعلقات کا مظہر ہے، پاکستان سے دوستی کو مملکت اپنے لیے باعثِ فخر سمجھتی ہے۔‘
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے مزید کہا کہ ’پاکستان سعودی عوام کے دلوں میں خصوصی مقام رکھتا ہے۔‘
اس موقعے پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ’پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے۔‘
انہوں ںے مزید کہا کہ ’مسلم امہ میں اتحاد، اعتدال، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور انتہا پسندی اور اسلاموفوبیا کے خلاف رابطہ عالم اسلامی کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔‘
صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ’رابطہ عالم اسلامی امتِ مسلمہ کے اتحاد، مکالمے، رواداری اور انسانیت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔‘
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور رابطہ عالم اسلامی کے درمیان مجوزہ معاہدے کو صحت، تعلیم اور انسانی ہمدردی کے منصوبوں کے لیے اہم قرار دیا۔
انہوں نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ ’امن کی ہر کوشش میں پائیدار جنگ بندی، اسرائیلی انخلا اور غزہ کی تعمیرِ نو کو یقینی بنانا چاہیے۔‘
