Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین ایئر فورس کا جیٹ رن وے پر جام، پونے ایئرپورٹ کا آپریشن معطل

ایئرپورٹ کی اچانک بندش کے باعث پروازوں کا نظام بری طرح درہم برہم ہو گیا (فوٹو: ویڈیو گریب)
انڈیا کے شہر پونے کے ایئرپورٹ پر جمعے کی رات انڈین ایئر فورس کے ایک جنگی طیارے کو لینڈنگ کے دوران تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں رن وے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
انڈین ایکسپریس نے پونے ایئرپورٹ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ واقعہ رات 10 بج کر 25 منٹ پر پیش آیا جب ایئر فورس کا ایک فائٹر جیٹ لینڈنگ کر رہا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کے لینڈنگ گیئر میں خرابی پیدا ہوئی جس کے باعث طیارہ ’ہارڈ لینڈنگ‘ کا شکار ہو کر رن وے پر پھنس گیا۔
انڈین ایئر فورس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں تصدیق کی ہے کہ طیارے کا عملہ محفوظ ہے اور اس واقعے میں کسی قسم کی شہری تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔
حکام کے مطابق طیارہ رن وے پر ہی جام ہو گیا تھا جس کی وجہ سے مزید پروازوں کی آمد و رفت ممکن نہیں رہی۔
ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) نے حفاظتی اقدامات کے پیشِ نظر فوری طور پر آپریشن معطل کر دیے تاکہ رن وے کو کلیئر کر کے دوبارہ بحال کیا جا سکے۔
اے ٹی سی کے مطابق طیارے کو رن وے سے ہٹانے اور تکنیکی جانچ پڑتال مکمل کرنے میں چار سے پانچ گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

اس اچانک بندش کے باعث پروازوں کا نظام بری طرح درہم برہم ہو گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پونے آنے والی کم از کم آٹھ پروازوں کا رخ دیگر شہروں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ ان پروازوں کو سورت، گوا، نوی ممبئی، چنئی اور کوئمبٹور کے ہوائی اڈوں پر اتارا گیا ہے۔
انڈیا کے وزیر مملکت برائے شہری ہوابازی مرلی دھر موہول نے صورتحال پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے معمول کی بحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’خوش قسمتی سے عملہ محفوظ ہے اور شہری املاک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ میں ایئرپورٹ ڈائریکٹر اور فضائیہ کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں تاکہ اس صورتحال کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔‘
ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ جلد از جلد رن وے کو صاف کر کے فضائی آپریشن کو معمول پر لایا جائے۔

 

شیئر: