Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغان کرکٹر راشد خان نے انڈیا اور آسٹریلیا کی شہریت کیوں ٹھکرائی؟

راشد خان نے انڈین اور آسٹریلوی شہریت کی پیشکش کے بارے میں اپنے کتاب میں لکھا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
افغان کرکٹر راشد خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے انڈیا اور آسٹریلیا، دونوں کی جانب سے شہریت کی پیشکشیں مسترد کیں اور افغانستان کی نمائندگی کے اپنے عزم پر قائم رہے۔
انڈین خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق افغانستان کے سٹار لیگ سپنر نے یہ بات اپنی کتاب  ’راشد خان: فرام سٹریٹس ٹو سٹارڈم‘ میں بتائی جس میں انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ 2023 کے دوران پیش آنے والا ایک واقعہ بھی بیان کیا۔
ان کے مطابق ایک ٹیم آفیشل نے بتایا کہ انڈین کرکٹ کی ایک ’سینیئر شخصیت‘ ان سے ملنا چاہتی ہے۔
راشد خان نے اس ملاقات کو یاد کرتے ہوئے لکھا، ’میں ان کے پاس گیا، سلام کیا اور گفتگو شروع ہوئی۔ انہوں نے کہا ’تمہارے ملک (افغانستان) کی صورتحال بہت خراب ہے، تم انڈیا آ کر رہو، ہم تمہیں انڈین دستاویزات دیں گے، یہاں رہو اور یہیں کرکٹ کھیلو۔‘
انہوں نے کہا ’میں ان کی بات سن کر حیران رہ گیا اور کچھ سمجھ نہیں آیا کہ کیا جواب دوں، مگر میں نے مسکرا کر کہا کہ بہت شکریہ، میں اپنے ملک افغانستان کے لیے کھیل رہا ہوں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ایسی پیشکشیں صرف ایک ملک تک محدود نہیں تھیں۔ ’مجھے آسٹریلیا اور انڈیا دونوں کی طرف سے شہریت اور کھیلنے کی پیشکشیں ہوئیں، لیکن میں نے انہیں صاف کہا کہ اگر میں اپنے ملک کے لیے نہیں کھیلوں گا تو کسی اور ملک کے لیے بھی نہیں کھیلوں گا۔‘
25 سالہ کرکٹر نے 2018 کا ایک واقعہ بھی شیئر کیا جب وہ سن رائزرز حیدرآباد کا حصہ تھے۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف میچ وننگ کارکردگی کے بعد انڈین سوشل میڈیا پر انہیں شہریت دینے کے مطالبات سامنے آئے، جو ان کی مقبولیت کا واضح ثبوت تھے۔
اسی دوران، راشد خان نے کرکٹ کے میدان سے باہر ایک خوشی کے لمحے کو بھی شیئر کیا اور اپنے بیٹے کی پیدائش کی خبر سوشل میڈیا پر دی۔ انہوں نے اپنے نومولود بیٹے کا نام ازلان خان بتایا۔
اس اعلان کے ساتھ ایک خوبصورت تصویر اور لکڑی کی تختی بھی شیئر کی گئی۔
اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے راشد خان نے انسٹاگرام پر لکھا ’الحمدللہ، دنیا میں خوش آمدید میرے ننھے شہزادے،‘ اور مداحوں سے اپنے خاندان کے لیے دعا کی درخواست کی۔
ان کی اس پوسٹ پر کرکٹ سے وابستہ شخصیات اور شائقین کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ بھی شروع ہوا۔
 

شیئر: