Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغان کرکٹر راشد خان کی دوسری شادی کی تصدیق،’دو اگست کو میری زندگی کا نیا باب شروع ہوا‘

راشد خان کی پہلی شادی اکتوبر 2024 میں ہوئی تھی (فوٹو: انسٹاگرام)
افغانستان سے تعلق رکھنے والے مشہور کرکٹر راشد خان نے دوسری شادی کی تصدیق کر دی ہے۔
راشد خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اعلان کیا ہے کہ وہ شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔
اس سے قبل راشد خان کی ایک خاتون کے ہمراہ کسی تقریب سے ویڈیو سامنے آئی تھی جس کے متعلق سوشل میڈیا صارفین مختلف دعوے کر رہے تھے۔
راشد خان نے ان دعوؤں کے جواب میں سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’دو اگست 2025 کو میری زندگی کا ایک نیا اور بامعنی باب شروع ہوا، میرا نکاح ہوا اور میں نے اُس عورت سے شادی کی جو محبت، سکون اور شراکت داری کی وہ مثال ہے جس کی میں ہمیشہ خواہش رکھتا تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’حال ہی میں میں اپنی اہلیہ کے ساتھ ایک فلاحی تقریب میں شریک ہوا اور افسوس ہے کہ اتنی سادہ سی بات پر بھی غلط فہمیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ حقیقت بالکل واضح ہے، وہ میری بیوی ہیں اور ہم ایک ساتھ، بغیر کسی چیز کو چھپائے کھڑے ہیں۔‘
انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے محبت، تعاون اور سمجھ بوجھ کا مظاہرہ کیا۔‘
یاد رہے کہ راشد خان نے دوسری شادی دو اگست 2025 میں کی جبکہ اس سے قبل ان کی پہلی شادی اکتوبر 2024 میں اپنی خالہ زاد کے ساتھ ہوئی تھی۔
افغان کرکٹر راشد خان کی طرف سے شادی سے متعلق مزید تفصیلات اور اہلیہ کے بارے میں کوئی اضافی معلومات فی الحال شیئر نہیں کی گئی ہیں۔

شیئر: