Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’راشد خان کی امپائر سے تکرار‘، پاکستانی امپائر پر افغانستان کو میچ ہروانے کا الزام کیوں؟

افغانستان کی پوری ٹیم 146 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی (فوٹو: اے سی سی)
متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی20 ایشیا کپ کے نویں میچ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو آٹھ رنز سے شکست دے دی۔
منگل کو ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں 154 رنز کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم 146 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز 35، عظمت اللہ 30 اور راشد خان 20 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ بنگلہ دیش کی جانب سے تنزید حسن 52، سیف حسن 30 اور توحید ہردوئی نے 26 رنز سکور کیے تھے۔
اس میچ کے بعد سٹیڈیم میں ایک ناخوشگوار واقعہ اس وقت رپورٹ ہوا جب افغانستان کے کپتان راشد خان کی ایک ویڈیو سامنے آئی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بظاہر راشد خان میچ ہارنے کے بعد امپائر کو مبینہ طور پر غیر شائشتہ انداز میں کچھ کہہ رہے ہیں۔
وائرل ویڈیو کے مطابق راشد خان نے مبینہ طور پر پاکستانی امپائر فیصل آفریدی کے ساتھ ’بدتمیزی‘ کی ہے۔
عمران صدیقی نے واقعے کی ویڈیو ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’کپتان راشد خان نے میچ ہارنے کے غصے میں پاکستانی امپائر فیصل آفریدی کے ساتھ بدتمیزی کی۔‘
ایکس صارف بابر نے سوال اٹھاتے ہوئے لکھا کہ ’راشد خان نے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ بدتمیزی کی ہے یا امپائر کے ساتھ؟ اگر ان کا امپائر کے ساتھ یہ رویہ ہے تو ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔‘
ڈاکٹر پابلو نامی اکاؤنٹ نے پوسٹ کیا کہ ’ایشین کرکٹ کونسل سے درخواست ہے کہ وہ افغانستان کے میچز میں پاکستانی امپائرز نہ لگائے، ہم پہلے اس امپائر کی وجہ سے ٹرائی سیریز ہار چکے ہیں اور اب ایشیا کپ میں میچز ہار رہے ہیں۔‘
لاریب فاطمہ نے میچ کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بہت اچھے فیصل آفریدی، پہلے آپ اپنے فیصلوں سے بنگلہ دیشی بیٹرز کو بچاتے رہے اور اب افغانی بیٹرز کو آؤٹ کروا رہے ہیں۔‘
اس معاملے پر تاحال انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) یا پھر ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے کوئی موقف نہیں دیا گیا ہے اور نہ ہی امپائر فیصل آفریدی کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے آیا ہے۔

شیئر: