Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کابل کی سڑکوں پر بلٹ پروف گاڑی میں نکلتا ہوں، افغان کرکٹر راشد خان

راشد خان کے مطابق بلٹ پروف کار لگژری نہیں حفاظت کے لیے ہے۔ فوٹو: سکرین گریب
دنیا بھر میں مشہور کھلاڑیوں کو اُن کی فروخت ہونے والی شرٹس یا سوشل میڈیا پر اُن کے فالوورز کی تعداد کی مناسبت سے پرکھا جاتا ہے مگر افغان کرکٹر راشد خان نے اب ایک نئی جہت بھی متعارف کرا دی ہے۔
دنیائے کرکٹ کے بڑے ٹی20 لیگ سپنر سمجھے جانے والے راشد خان کی ’بلٹ پروف کار‘ کی وجہ سے اب یہ بات بھی بہت سے شائقین کو سمجھ آ گئی کہ مشہور شخصیات کے طرز زندگی میں حفاظتی اقدامات کتنی اہمیت رکھتے ہیں۔
انگلینڈ کے سابق کپتان کیون پیٹرسن کے ساتھ ایک انٹرویو میں افغانستان کے سُپر سٹار سپنر نے ان ضمنی اثرات پر روشنی ڈالی جن کا وہ ایک بڑے کرکٹر کے طور پر اپنے ملک افغانستان میں سامنا کرتے ہیں۔
بات چیت کے آغاز میں پیٹرسن نے راشد خان سے پوچھا کہ کیا وہ آزادانہ طور پر کابل کی گلیوں میں گھوم پھر سکتے ہیں، جس پر سپنر نے جواب دیا کہ ’نہیں۔‘ اس کے بعد راشد خان نے جو انکشاف کیا اس نے انگلینڈ کے سابق بلے باز کو حیران کر دیا۔
راشد خان نے بتایا کہ ’میں افغانستان کی سڑکوں پر کھلے عام نہیں گھوم سکتا، میرے پاس بلٹ پروف کار ہے۔‘
کیون پیٹرسن نے حیرت سے پوچھا کہ ’آپ کے پاس کابل میں بلٹ پروف کار ہے، مگر کیوں؟‘
راشد خان نے جواب دیا کہ ’یہ حفاظت کے لیے ہے۔ آپ غلط وقت پر غلط جگہ پر نہیں ہونا چاہتے۔ افغانستان میں یہ معمول کی بات ہے۔ ہر کسی کے پاس ہے۔‘
راشد خان کے لیے گاڑی عیش یا حیثیت کی علامت نہیں۔ یہ ذاتی حفاظت کے لیے ایک بنیادی ذریعہ ہے۔ ایک ایسے ملک میں جہاں عدم استحکام ایک مستقل مسئلہ بنا ہوا ہے، وہاں سکیورٹی کے بہت سے خطرات تاحال موجود ہیں۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انٹرویو میں دونوں کھلاڑیوں کی بات چیت کا سب سے اہم حصہ شاید راشد خان کا یہ اصرار تھا کہ کابل میں اس طرح کے انتہائی اقدامات ’معمول‘ ہیں۔ دوسری جانب کیون پیٹرسن نے ایسا ردعمل ظاہر کیا جیسے اُن کو یقین نہ آ رہا ہو۔
راشد خان کے نہایت اطمینان کے ساتھ جواب نے اس امر کو اجاگر کیا کہ وہ افغانستان میں رہ کر اس کو ایک معمول کی بات سمجھتے ہیں۔

راشد خان کو کرکٹ کی دُنیا کے ناقدین ایک کامیاب سپنر قرار دیتے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

افغانستان کا خطہ ایک طویل عرصے سے تنازعات کا شکار رہا ہے اور اگست 2021 کے بعد سے وہاں اسلام پسند طالبان کی حکومت قائم ہے۔
راشد خان کو بیرونی دنیا میں افغانستان کی سب سے مشہور شخصیت قرار دیا جاتا ہے کیونکہ وہ بین الاقوامی سطح پر بطور کرکٹر مقام رکھتے ہیں۔
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور بی بی ایل جیسی لیگز میں کامیابی نے راشد خان کی دولت میں بھی اضافہ کیا ہے جس کی وجہ سے بڑی حد تک اُن کو اپنے ملک کو مستقل سکیورٹی کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔
بُلٹ پروف گاڑی میں سفر اور اپنے ہی شہر میں گھومنے پھرنے کی آزادی نہ ہونے کے باوجود راشد خان دُنیا بھر میں اپنے ملک کی نمائندگی جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

 

شیئر: