افغان کرکٹر راشد خان کی شادی، تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل
جمعہ 4 اکتوبر 2024 10:25
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
راشد خان کی شادی کی تقریب میں محمد نبی سمیت افغان کرکٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑی شریک ہوئے (فوٹو: محمد نبی)
افغانستان کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر اور سابق کپتان راشد خان شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔
راشد خان کی شادی کی تقریب افغانستان کے شہر کابل میں 3 اکتوبر کو منعقد ہوئی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
کرکٹر کی شادی افغان روایات کے مطابق ہوئی جس میں محمد نبی سمیت افغان کرکٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑی، دوست اور رشتہ داروں نے شرکت کی۔
سوشل میڈیا پر افغانستان کی مشہور شخصیات اور کرکٹرز کی جانب سے راشد خان کو مبارکباد دی گئی ہے۔
افغانستان کے کپتان محمد نبی بھی راشد خان کو ان کی زندگی کے نئے دور کے آغاز پر مبارکباد دینے والوں میں شامل تھے۔
محمد نبی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں لکھا ’ایک اور واحد کنگ خان، راشد خان کو شادی پر مبارکباد۔ میں آپ کے لیے محبت، خوشی اور کامیابی سے بھرپور زندگی کی خواہش کرتا ہوں۔‘
افغان کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے راشد خان کی شادی کی تقریب کے لیے مختص شادی ہال کی تصاویر بھی شیئر کی گئیں۔
اکنامک ٹائمز کے مطابق راشد خان کے ساتھ ان کے تین بھائیوں کی بھی ایک ہی دن شادی طے تھی۔
افغان اطلان نامی ایکس اکاؤنٹ نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’کابل میں افغان کرکٹر اور ہمارے کپتان راشد خان کی شادی ہو رہی ہے۔ راشد خان اور ان کے تین بھائیوں کی ایک ہی دن شادی ہوئی۔ راشد خان اور ان کے تینوں بھائیوں کے لیے صحت مند اور خوشیوں سے بھری زندگی کے لیے دعا گو ہیں‘۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر کچھ صارفین یہ بھی دعویٰ کرتے دکھائی دے رہے ہیں کہ راشد خان کے ساتھ تصاویر میں موجود تینوں لوگ ان کے بھائی نہیں ہیں۔
متعدد سوشل میڈیا صارفین دعویٰ کر رہے ہیں کہ ان میں سے ایک شخص راشد خان کے بھائی ہیں جبکہ دو ان کے بھتیجے ہیں۔
راشد خان بطور کرکٹر اپنی ناقابل یقین اور غیر معمولی مہارت کے لیے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے عالمی سطح پر بہترین ٹی20 بولر کے طور پر شہرت حاصل کی۔
ان کے پاس ٹی20 کرکٹ میں تیز ترین 50 اور 100 وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہونے سمیت متعدد ریکارڈز ہیں۔
راشد ماضی میں آئی سی سی کی ٹی20 رینکنگز میں نمبر 1 بولر بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے افغانستان کو عالمی کرکٹ میں ترقی دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔