ممبئی کے پوش علاقے میں انڈین اداکارہ تبو کے نئے گھر کی قیمت کیا ہے؟
منگل 21 اپریل 2026 6:52
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
فلم ستار تبو کا نیا اپارٹمنٹ تقریباً دو ہزار 153 مربع فٹ پر مشتمل ہے (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ کی معروف اداکارہ تبو نے ممبئی کے پوش علاقے ورسوا میں ایک لگژری اپارٹمنٹ خرید لیا ہے جس کی مالیت تقریباً 10 کروڑ انڈین روپے بتائی جا رہی ہے۔
یہ اپارٹمنٹ ’گودریج سکائی شور‘ نامی جدید رہائشی منصوبے میں واقع ہے، جو اپنی پرائیویسی اور ساحلی طرزِ زندگی کے باعث خاصا مقبول ہے۔
’بالی وُڈ ہنگامہ‘ کے مطابق یہ اپارٹمنٹ تقریباً دو ہزار 153 مربع فٹ پر مشتمل ہے جبکہ اس میں 127 مربع فٹ کا کشادہ بالکونی ایریا بھی شامل ہے جو ممبئی جیسے شہر میں ایک نایاب سہولت تصور کی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ اس پراپرٹی کے ساتھ دو مخصوص پارکنگ سپیسز بھی ہیں جو اس کی مجموعی قدر میں مزید اضافہ کرتی ہیں۔
دستاویزات کے مطابق یہ خریداری 26 مارچ 2026 کو رجسٹر کی گئی ہے جس پر اداکارہ نے تقریباً 5.24 لاکھ روپے سٹامپ ڈیوٹی اور 30 ہزار روپے رجسٹریشن فیس ادا کی۔
اندھیری ویسٹ اور ورسوا طویل عرصے سے فلمی شخصیات اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد کی پسندیدہ علاقے ہیں کیونکہ یہ علاقے فلم سٹوڈیوز اور پروڈکشن ہاؤسز کے قریب واقع ہیں۔
تبو کی یہ نئی خریداری ایک بار پھر اس علاقے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔
حال ہی میں تبو فلم ’بھوت بنگلہ‘ میں نظر آئیں جو 17 اپریل کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی۔ اس فلم کی ہدایتکاری پریادرشن نے کی ہے اور اس میں تبو نے اداکار اکشے کمار کے ساتھ تقریباً دو دہائیوں بعد دوبارہ کام کیا۔
حال ہی میں تبو فلم ’بھوت بنگلہ‘ میں نظر آئیں جو 17 اپریل کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی۔ اس فلم کی ہدایتکاری پریادرشن نے کی ہے اور اس میں تبو نے اداکار اکشے کمار کے ساتھ تقریباً دو دہائیوں بعد دوبارہ کام کیا۔
