Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیز فائر ڈیڈلائن ختم ہونے کے قریب لیکن امریکہ ایران مذاکرات تاحال غیریقینی

امریکہ نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ ایران کے ساتھ امن مذاکرات پاکستان میں آگے بڑھیں گے جبکہ ایران کے ایک سینیئر اہلکار نے کہا ہے کہ تہران ان مذاکرات میں شمولیت پر غور کر رہا ہے کیونکہ اہم رکاوٹیں اور غیر یقینی صورتحال بدستور موجود ہے۔
جنگ میں دو ہفتے کی عارضی جنگ بندی بدھ کو  ختم ہونے جا رہی ہے۔ اگرچہ ایران پہلے ہی اسلام آباد میں رواں ہفتے ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور کو مسترد کر چکا ہے لیکن پاکستان میں مذاکرات سے متعلق ایک ذریعے نے روئٹرز کو بتایا کہ بدھ کے روز مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کا امکان موجود ہے۔
ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’امور آگے بڑھ رہے ہیں اور مذاکرات کل کے لیے شیڈول کے مطابق ہیں۔‘
ذرائع نے مزید بتایا  اگر کسی معاہدے پر دستخط ہوئے تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خود بھی موقع پر موجود ہو سکتے ہیں یا ورچوئل طور پر شرکت کر سکتے ہیں۔
امریکی ویب سائٹ ایکسیوس نے تین امریکی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ نائب صدر جے ڈی وینس کے منگل صبح پاکستان کے لیے روانہ ہونے کی توقع ہے۔ دریں اثنا وال سٹریٹ جرنل کے مطابق ایران نے علاقائی ثالثوں کو بتایا ہے کہ وہ منگل کے روز پاکستان میں اپنا ایک وفد بھیجنے پر غور کر رہا ہے۔
روئٹرز فوری طور پر ان رپورٹس کی تصدیق نہیں کر سکا۔
ایک ایرانی عہدیدار نے روئٹرز کو بتایا کہ تہران ان مذاکرات میں شرکت کے حوالے سے ’مثبت طور پر غور کر رہا ہے‘ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اب بھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

اسلام آباد میں پولیس کے ساتھ فوج بھی سکیورٹی پر تعینات ہے (فوٹو: روئٹرز)

مذاکرات کے ممکنہ دوسرے دور سے قبل اسلام آباد میں سکیورٹی سخت
اسلام آباد پولیس نے منگل کے روز دارالحکومت میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشنز شروع کر دیے ہیں جس میں اضافی نفری تعینات کی گئی ہے اور سینکڑوں رہائشیوں، گاڑیوں اور کاروباری مراکز کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق یہ اقدامات پاکستان کی جانب سے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے ممکنہ دوسرے دور سے قبل سکیورٹی سخت کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں تقریباً 20 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں تاہم اس بات پر اب بھی غیر یقینی صورتحال برقرار ہے کہ آیا مذاکرات ہوں گے۔

امریکہ کی جانب سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی مذاکرات میں ایک رکاوٹ ہے (فوٹو: روئٹرز)

مذاکرات کی بحالی کی امید پر تیل کی قیمتوں میں کمی، ایشیائی مارکیٹس میں سٹاکس میں بہتری
آج ایشیا میں تیل کی قیمتوں میں ایک ڈالر سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سٹاک مارکیٹس میں بہتری دیکھی گئی۔ یہ تبدیلی اس وقت سامنے آئی کہ امریکہ اور ایران کے درمیان امن مذاکرات اس ہفتے دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں۔
پیر کے روز مذاکرات کے حوالے سے شکوک و شبہات کے باعث تیل کی قیمتوں میں تقریباً چھ فیصد اضافہ ہوا تھا۔

شیئر: