Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابھیشیک بچن اور ایشوریہ رائے کی کامیاب شادی شدہ زندگی کا راز کیا ہے؟

ابھیشیک بچن اور ایشوریہ رائے سنہ 2007 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے (فوٹو: انسٹاگرام)
انڈین فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ابھیشیک بچن نے اپنی اہلیہ اور مشہور اداکارہ ایشوریہ رائے بچن کے ساتھ اپنی ازدواجی زندگی پر بات کرتے ہوئے شادی کی آنے والی 20ویں سالگرہ کے حوالے سے دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔
’بالی وُڈ ہنگامہ‘ کے مطابق دونوں اداکاروں کی شادی کو تقریباً دو دہائیاں مکمل ہونے کو ہیں اور اس موقع پر ابھیشیک بچن نے اپنے رشتے کو مضبوط، متوازن اور محبت سے بھرپور قرار دیا۔
ایک حالیہ گفتگو میں ابھیشیک بچن نے کہا کہ ’ایشوریہ رائے نہ صرف ان کی بیٹی کی ماں ہیں بلکہ ان کی بہترین دوست اور ساتھی بھی ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ان کی 19 سالہ ازدواجی زندگی ایک خوبصورت خواب کی مانند رہی ہے۔ اداکار نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنی 20ویں سالگرہ کے لیے خاص منصوبے بنا رہا ہوں‘، تاہم انہوں نے ان منصوبوں کی تفصیلات فی الحال خفیہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ابھیشیک نے اپنی فلم ’گرو‘ کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ’میری اور ایشوریہ رائے کی دوستی فلمی سیٹس پر پروان چڑھی، جو وقت کے ساتھ مضبوط رشتے میں بدل گئی۔‘
ان کے مطابق ’ہم دونوں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی احترام نے اس تعلق کو کامیاب ازدواجی زندگی میں تبدیل کیا۔‘
انہوں نے اپنی فیملی لائف کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اور ایشوریہ اپنی بیٹی کی تربیت میں عملی مثال کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔‘
ان کا ماننا ہے کہ ’بچوں کو نصیحت کرنے کے بجائے اپنے عمل سے سکھانا زیادہ مؤثر ہوتا ہے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دونوں گھر میں ذمہ داریوں کو تقسیم کرنے کے بجائے مل کر نبھانے پر یقین رکھتے ہیں، جس سے رشتے میں توازن برقرار رہتا ہے۔
ابھیشیک بچن نے ازدواجی زندگی میں کامیابی کے لیے چھوٹی چھوٹی باتوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کے مطابق ’روزمرہ کی عادات اور ایک دوسرے کی قدر کرنے کا جذبہ رشتے کو مضبوط بناتا ہے اور غلط فہمیوں کو دور رکھتا ہے۔‘
پیشہ ورانہ محاذ پر بھی ابھیشیک بچن مصروف ہیں اور وہ جلد اپنی نئی فلم ’راجا شیواجی‘ میں نظر آئیں گے، جو یکم مئی کو ہندی، مراٹھی اور تیلگو زبانوں میں ریلیز کی جائے گی۔ مداحوں کو ان کی اس فلم کا بے صبری سے انتظار ہے، جبکہ ذاتی زندگی میں وہ اپنی شادی کی 20ویں سالگرہ کو یادگار بنانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ابھشیک بچن اور ایشوریہ رائے کے درمیان ذاتی زندگی میں دوریوں کی خبریں مشہور تھیں۔

شیئر: