Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشوریہ رائے سے بریک اپ، فلم ’تیرے نام‘ کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان ’روتے اور گانا سنتے‘

بالی وُڈ اداکار سلمان خان کی عمر 59 برس ہے (فوٹو: انسٹاگرام)
معروف انڈین نغمہ نگار سمیر انجان نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’تیرے نام‘ کی شوٹنگ کے دوران بالی وڈ سٹار سلمان خان شدید صدمے سے گزر رہے تھے اور یہی دُکھ فلم میں ان کی اداکاری میں بھی نظر آیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق انہوں نے بتایا کہ ’سلمان خان اور ایشوریہ رائے کی جُدائی کے بعد فلم کا ٹریک سونگ سلمان خان کے لیے ایک ذاتی نوحہ بن گیا تھا۔‘
فلم ’تیرے نام‘ میں سلمان خان نے ایک ایسے عاشق کا کردار ادا کیا ہے جو محبت میں ہار جاتا ہے۔ فلم کے ہدایت کار ستیش کوشک تھے اور اس فلم میں سلمان خان کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا۔
نغمہ نگار سمیر انجان نے شبھانکر مشرا کے ساتھ پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں نے یہ گانا سلمان خان کے لیے نہیں لکھا تھا لیکن جب ایشوریہ رائے سے ان کا بریک اپ ہوا تو یہ گانا ان کے دل کی آواز بن گیا۔‘
ان کا مزید کہا تھا کہ ’فلم کی شوٹنگ سے پہلے سلمان خان گلوکار ہمیش ریشمیا کو فون کرتے، ان سے کہتے کہ گانا سناؤ اور پھر وہ رونے لگ جاتے تھے۔‘
’وہ اندر سے ٹُوٹ چکے تھے، ان کے زخم ابھی تازہ تھے، ہر بار جب سیٹ پر شاٹ دینا ہوتا، ہمیش گانا گاتے اور سلمان رو پڑتے۔ خاص طور پر یہ مصرع، ’کیوں کسی کو وفا کے بدلے وفا نہیں ملتی‘، وہ چاہتے تھے کہ یہ ایشوریہ تک پہنچے، تاکہ وہ ان کا درد محسوس کر سکیں۔‘
چند ہفتے قبل فلم ساز پرہلاد ککڑ نے بھی سلمان اور ایشوریہ رائے کے تعلقات پر بات کی تھی۔
انہوں نے صحافی وکی لالوانی سے گفتگو میں بتایا تھا کہ ’ ایشوریہ رائے اس بات سے زیادہ دُکھی تھیں کہ فلم انڈسٹری نے ان کے بجائے سلمان خان کا ساتھ دیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’وہ اس لیے پریشان نہیں تھیں کہ رشتہ ٹُوٹا، بلکہ اس لیے کہ سب نے سلمان خان کا ساتھ دیا ان کا نہیں، سچ ان کے ساتھ تھا۔ وہ انڈسٹری پر اعتماد کھو چکی تھیں، کیونکہ سب کچھ یک طرفہ تھا۔‘
انہوں نے سلمان خان کو ’انتہائی جارح مزاج اور شدت پسند‘ قرار دیا اور کہا کہ ’ایسے شخص سے کیسے نمٹا جائے؟‘
یاد رہے کہ سلمان خان اور ایشوریہ رائے کے درمیان دوستی کا آغاز فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کے سیٹ پر ہوا تھا۔ دونوں کی دوستی تقریباً تین سال تک برقرار رہی لیکن سنہ 2002 میں ان کا تعلق ختم ہو گیا جو میڈیا کی زینت بنا۔
ایشوریہ رائے نے بعد میں کئی انٹرویوز میں یہ دعویٰ کیا کہ انہیں اس رشتے میں جسمانی تشدد کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

شیئر: