Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’60 سال کا ہوں مگر لڑنا نہیں بھولا‘، سلمان خان ہسپتال میں فوٹوگرافرز پر برہم

سلمان خان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اشارے سے کچھ کہہ رہے ہیں (فوٹو: سکرین شاٹس)
بالی وڈ سٹار سلمان خان نے ایک بار پھر فوٹوگرافرز پر بگڑتے ہوئے یہ تک کہہ دیا کہ ’پاگل ہو کیا‘، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جبکہ اداکار نے ایک پوسٹ میں فوٹوگرافرز کے رویے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
انڈیا ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ منگل کی رات اس وقت پیش آیا جب وہ نئی دہلی کے ایک ہسپتال میں کسی کی عیادت کے لیے پہنچے تو وہاں فوٹوگرافرز کو پہنچنے میں بھی زیادہ دیر نہیں لگی۔
انہوں نے آتے ہی اداکار کا نام پکارنا شروع کر دیا تاکہ وہ کیمرے کی دیکھیں اور ان کی تصویر اتاری جائے۔
سلمان خان نے ایک دو آوازوں کے جواب میں دیکھا بھی مگر پھر سلسلہ طویل ہوتا گیا جس پر وہ بیزار دکھائی دے جبکہ کچھ نے ان کی نئی فلم کی ریلیز کی تاریخ کے حوالے سے سوال پوچھنا شروع کیے تو اداکار برہم ہو گئے۔
انہوں نے فوٹوگرافروں سے اشارے کے ذریعے پوچھا کہ ’پاگل ہو گئے ہو کیا‘، اس کے جواب میں چند فوٹوگرافرز سوری کہتے ہوئے سنائی دیتے ہیں۔
بعدازاں سلمان خان نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ وہ ہمیشہ کھلے دل کے ساتھ میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہیں، اس سے وابستہ افراد کا احترام کرتے ہیں تاکہ وہ اپنا روزگار چلا سکیں تاہم اس سے آگے ان کی ٹون بدل گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہسپتال میں پریس کو کسی کی تکلیف سے لطف اندوز ہوتے دیکھوں یا کوئی کسی کی مشکل صورت حال سے توجہ اور منافع حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے یا اس سے پیسہ کمانا چاہتا ہے تو یہ اچھی بات نہیں۔
ان کے مطابق ’تصویر زیادہ اہم ہے یا زندگی‘
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر آپ کے خاندان کو کوئی فرد ہسپتال میں ہوتا تو کیا ایسے ہی رویے کا اظہار کرتے۔
ان کے مطابق ’ایسے مواقع کی حساسیت کو سمجھنا چاہیے اور اس کے مطابق ہی ڈیل کرنا چاہیے نہ اس کو تصویروں اور تشہیر کا موقع سمجھ لیا جائے۔‘
ایک اور پوسٹ میں سلمان خان نے لکھا کہ اگر آپ کا کوئی پیارا ہسپتال میں ہو تو کیا مجھے ایسا رویہ دکھانا چاہیے؟
انہوں نے خبردار بھی کیا کہ ’اگرچہ وہ 60 سال کے ہو چکے ہیں لیکن وہ لڑنا نہیں بھولے اور بے عزتی کسی طور برداشت نہیں کریں گے۔‘
ادکار کی یہ پوسٹس سامنے آتے ہی وائرل ہو گئیں جبکہ دوسری جانب وہ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی جس میں اداکار کچھ ناخوش دکھائی دیتے ہیں۔

شیئر: